کیرل بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہ کہنا بے تکا ہے کہ سبری مالا مدعے پر انتخاب میں گفتگو نہیں کی جانی چاہیے۔
سبری مالا مندر (فوٹو بشکریہ : facebook.com/sabrimalaofficial)
نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے کیرل میں سیاسی جماعتوں کو آگاہ کیا ہے کہ سبری مالا مندر معاملے کو انتخابی تشہیر کا مدعا نہ بنائیں۔ حالانکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے اس ہدایت کو غیر منطقی بتایا ہے۔انتخاب کی تواریخ کا اعلان ہونے کے بعد کیرل کے چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) ٹیکا رام مینا نے ترووننت پورم میں میڈیا کو بتایا کہ سبری مالا مندر مدعے پر مذہبی پرو پیگنڈہ مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔
انہوں نے کہا، ‘ مذہبی جذبات اکسانا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا کسی طرح استعمال کرنا، مذہب کے نام پر ووٹ مانگنا یا مذہبی جذبات بھڑکانا مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہے۔سی ای او نے یہ بھی کہا کہ کمیشن ایسی کوئی خلاف ورزی نہیں کرنے دےگا جس سے کسی خاص سیاسی جماعت کو دوسرے جماعت کے مقابلے فائدہ ملے۔
اس پر رد عمل ظاہرکرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی جنرل سکریٹری کےسریندرن نے کہا کہ سبری مالا مدعے پر ریاستی حکومت کا رخ انتخابی مدعا ہوگا۔انہوں نے کوٹایم میں میڈیا سے کہا، ‘ یہ 100 فیصد طے ہے کہ سبری مالا مدعے پر ریاستی حکومت کے رخ پر انتخابات میں گفتگو ہوگی۔ کوئی بھی اس میں مداخلت نہیں کر سکتا۔ یہ کہنا بےتکا ہے کہ سبری مالا مدعے پر انتخاب میں گفتگو نہیں کی جانی چاہیے۔ ‘
ادھر، سی ای او مینا نے میڈیا سے کہا، ‘ سبری مالا مدعے پر مذہبی پروپیگنڈہ کرنا یا جذبات بھڑکانا مثالی ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہوگی۔ ‘انہوں نے کہا کہ جہاں تک کیرل کا تعلق ہے تو یہ متنازع معاملہ ہے اور سیاسی جماعتوں کو ایک حد طے کرنے کی ضرورت ہے کہ کس حد تک اس کا استعمال کرنا ہے۔انہوں نے کہا، ‘ میں اس بارے میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ اجلاس کر رہا ہوں اور میں ان سے ووٹ مانگنے کے لئے اس مذہبی جذبہ یا مذہبی روایتوں کا بےکار استعمال نہ کرنے کی گزارش کروںگا کیونکہ اس سے لوگوں کے لئے مذہبی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔ ‘
مینا نے کہا کہ اگر یہ ہوتا ہے تو ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔بی جے پی رہنما سریندرن نے کہا کہ انتخاب اصولوں کے مطابق سبری مالا معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف کوئی نہیں بول سکتا اور انتخاب کے دوران دیگر مذہبوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھایا جا سکتا۔بی جے پی نے سبری مالا مدعے پر پہلے ہی اپنی امید ظاہر کر دی ہے۔ بی جے پی کا ماننا ہے کہ سبری مالا کی وجہ سے وہ اپنے کارکنوں کے درمیان رفتار پیدا کرنے میں اہل ہوئی ہے۔
غور طلب ہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت نے نو مہینے پہلے میزورم کے گورنر کے طور پر تقرر بی جے پی کے سابق ریاستی صدر کم منم راج شیکھرن کو ریاست میں پارٹی کی قیادت کرنے کے لئے واپس بلا لیا ہے۔واضح ہو کہ 11 اپریل سے 2019 کے عام انتخابات کے لئے رائے دہندگی شروع ہوگی اور 23 مئی کو نتیجے سامنے آئیںگے۔ کیرل میں 23 اپریل کو انتخاب ہوگا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)