اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہند وپاک کے بیچ جاری کشیدگی کے کم ہونے کی امید ہے اور جلد ہی ’اچھی خبر‘ آنے والی ہے ۔
نئی دہلی: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے جمعرات کو پارلیامنٹ میں کہا کہ بدھ کو حراست میں لیے گئے پائلٹ ابھینندن کو جمعہ کو رہا کر دیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ امن کا پیغام دینے کے لیے پاکستان کی جانب سے یہ قدم اٹھایا جائے گا۔
واضح ہو کہ بدھ، 27 فروری کو پاکستان نے دعویٰ کیا کہ اس نے اپنے ہوائی حلقے میں دو ہندوستانی جنگی طیاروں کو مار گرایا ہے اور دو پائلٹ کو حراست میں لیا ۔ حالاں کہ بعد میں پاکستان کی جانب سے ایک بیان جاری کر کے کہا گیا ہے کہ اس کے قبضے میں صرف ایک ہی پائلٹ ہے ۔ بعد میں اس پائلٹ کی پہچان ونگ کمانڈر ابھینندن کے طور پر ہوئی۔
ڈان کی خبر کے مطابق، ہند وپاک کے بیچ کشیدگی کے درمیان وزیر اعظم عمران خان پارلیامنٹ کے مشترکہ سیشن کو خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی طرف سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کرنے کی کوشش اس لیے کی گئی کیوں کہ حالات کا خراب ہونا نہ پاکستان کے حق میں ہوگا نہ ہندوستان کے ۔
Pakistan to release India's Wg Cdr Abhinandan on March 1 as a peace gesture, says PM Imran Khan https://t.co/LZ3mOcDfNz pic.twitter.com/7P9Dk5A611
— Dawn.com (@dawn_com) February 28, 2019
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کشمیر مسئلے پر بات چیت ضروری ہے ۔ عمران خان نے جنگ کے امکان پر کہا کہ ، مجھے ڈر ہے کہ کچھ غلط قیاس آرائیاں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا غلط قیاس آرائیوں کی وجہ سے کئی ملک تباہ ہوگئے ۔ جنگ کوئی حل نہیں ۔ اگر ہندوستان کو ئی قدم اٹھاتا ہے تو ہمیں جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہندوستان کی عوام وہا ں کی موجودہ حکومت کے جنگی جنون سے متفق نہیں ہے ۔ اگر ان کی میڈیا نے وہ دیکھا ہوتا جو ہماری میڈیا نے گزشتہ 17 سالوں میں دیکھا ہے تب شاید انہوں نے اس طرح جنگ جیسا ماحول تیا رنہیں کیا ہوتا۔
اس بیچ ہندوستانی وزارت خارجہ نے مگ 21 سمیت اپنا ایک پائلٹ لاپتہ ہونے کی بات کہی تھی۔
Trump says there's "reasonably decent" news on the India-Pakistan conflict and "hopefully" it's coming to an end https://t.co/Zc7SSTDEso pic.twitter.com/BPn3akSVh2
— Bloomberg Asia (@BloombergAsia) February 28, 2019
غور طلب ہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہند وپاک کے بیچ جاری کشیدگی کے کم ہونے کی امید ہے اور جلد ہی ‘اچھی خبر’ آنے والی ہے ۔ اتر کوریائی رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ویت نام میں سمٹ سے الگ ٹرمپ نے کہا کہ پاک وہند کے جد وجہد سے متعلق اچھی خبر ہے ۔ امید ہے کہ یہ ختم ہونے کو ہے ۔بلو مرگ ایشیا نے ٹرمپ کے اس بیان کو ٹوئٹ کیا ہے۔