جے ڈی یو کے نیشنل الیکشن افسر انل ہیگڑے نے بتایا کہ اس عہدے کے لئے نتیش واحد امیدوار تھے اور اتوار کو پرچہ نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے کے بعد ان کو پارٹی کا صدر اعلان کر دیا گیا۔
نئی دہلی :بہارکے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو ایک اور مدر کار کے لئے جے ڈی یو کا بلا مقابلہ قومی صدر منتخب کیا گیا ہے۔ ان کی پارٹی نے گزشتہ اتوار کو یہ اعلان کیا۔ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے نیشنل الیکشن افسر انل ہیگڑے نے بتایا کہ اس عہدے کے لئے نتیش واحد امیدوار تھے اور اتوار کو پرچہ نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے کے بعد ان کو پارٹی کا صدر اعلان کر دیا گیا۔ نتیش کی طرف سے پارٹی کے رہنماؤں کے گروپ نے پرچہ نامزدگی کے چار سیٹ داخل کئے تھے۔
ایسے وقت جب بی جے پی کے ساتھ جے ڈی یو کا اتحاد مشکل دور سے گزر رہا ہے، پارٹی کے غیر متنازع رہنما کے طور پر نتیش ریاست میں 21 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب اور اگلےسال ہونے والے اسمبلی انتخاب میں جے ڈی یو کی قیادت کریںگے۔ مرکزی وزیر گریراج سنگھ سمیت بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے ریاست میں، خاص طور پر پٹنہ میں آئے حالیہ سیلاب سے نمٹنے میں حکومت کی ناہلیت سمیت مختلف مدعوں کو لےکر ان کی قیادت کی تنقید کی ہے۔
بی جے پی کے ایک دیگر رہنما اور ایم ایل سی سنجے پاسوان نے یہ مانگ کی ہے کہ نتیش وزیراعلیٰ کےعہدے کے لئے اب بی جے پی کے کسی رہنما کا راستہ ہموار کریں۔ وہیں، جے ڈی یو کا ماننا ہے کہ نتیش این ڈی اے کے سب سے زیادہ مقبول عام رہنما بنے ہوئے ہیں اور وہ بی جے پی کے لئے کوئی گنجائش چھوڑنے کوراضی نہیں ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)