نتیش کمار کے حجاب کھینچنے کے واقعہ کے بعد آیوش ڈاکٹر نے نوکری جوائن کرنے سے کیا انکار

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حجاب کھینچنے کے واقعہ کے بعد آیوش ڈاکٹر نصرت پروین نے تقرری کا خط ملنے کے باوجود سرکاری ملازمت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے حجاب کھینچنے کے واقعہ کے بعد آیوش ڈاکٹر نصرت پروین نے تقرری کا خط ملنے کے باوجود سرکاری ملازمت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔

ویڈیو سے لیا گیااسکرین شاٹ۔تصویر: ایکس /آر جے ڈی

پٹنہ/کولکاتہ: بہار کی آیوش ڈاکٹر نصرت پروین نے حال ہی میں اپوائنٹمنٹ لیٹر ملنے کے باوجود سرکاری ملازمت میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پروین حجاب پہننے والی ان خواتین میں شامل تھیں، جو پٹنہ میں منعقد ایک ڈائیلاگ ایونٹ میں موجود تھیں، اور جہاں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ان کا حجاب کھینچتے ہوئے نظر آئے تھے۔

پروین کے بھائی کولکاتہ میں رہتے ہیں اور ایک سرکاری لاء یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔

پروین کے بھائی نے ای نیوز روم کو بتایا، ‘وہ سروس میں شامل  نہ ہو نے  پرمصر ہیں۔ تاہم، مجھ سمیت خاندان کے تمام افراد انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم ان سے کہہ رہے ہیں کہ غلطی سامنے والے شخص کی ہے، ایسے میں انہیں  کیوں افسردہ ہو نا چاہیےیا اس کا خمیازہ بھگتنا چاہیے؟’

نصرت پروین کو 20 دسمبر کو سروس جوائن کرنا تھی۔ پروین کے شوہر ایک کالج میں کلینکل سائیکالوجسٹ ہیں۔

نتیش کمار کے طرز عمل پر اپوزیشن نے اٹھائے سوال

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے  جیسے ہی نتیش کمار کا ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچتے ہوئے ویڈیو شیئر کیا گیا، یہ وائرل ہوگیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد بالخصوص خواتین نے اس واقعہ کو نازیبا طرز عمل قرار دیتے ہوئے بہار کے وزیر اعلیٰ کی سخت تنقید کی۔

آر جے ڈی نے ویڈیوشیئر کرتے ہوئے لکھا،’یہ کیا ہو گیا ہے نتیش جی کو؟ ذہنی حالت قابل رحم ہو چکی ہےیا نتیش بابو اب 100فیصدسنگھی ہو چکے ہیں؟’

کانگریس نے بھی چیف منسٹر کے طرز عمل پر تنقید کی اور ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔

پارٹی نےایکس پر لکھا ،’یہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں۔ ایک خاتون ڈاکٹر کو اپوائنٹمنٹ لیٹر دیتے ہوئے ان کا حجاب کھینچ لینا- یہ  انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ جب ریاست کا مکھیا سرعام اس طرح کی حرکت کرتا ہے تو خواتین کے تحفظ کی ضمانت کون  دے گا؟ نتیش کمار کو اس مکروہ فعل کے لیے فوری طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔’

اس واقعے کے ایک دن سے زیادہ گزر جانے کے باوجود، نتیش کمار، ان کی پارٹی اور بہار حکومت کی طرف سے اس معاملے پر کوئی بیان نہیں آیا ہے۔

ہندی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔