ایم پی: پہلگام حملے کے خلاف ریلی میں بی جے پی لیڈر نے کانگریس ایم ایل اے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی

بھوپال سینٹرل سے کانگریس کے ایم ایل اے عارف مسعود کو بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے قریبی کرشنا گھاڈگے سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ پہلگام حملے پر ایک ریلی میں گھاڈگے نے مسعود کو 'پاکستانی ایجنٹ' بتایا اور ان کے خلاف دشنام طرازی بھی کی۔

بھوپال سینٹرل سے کانگریس کے ایم ایل اے عارف مسعود کو بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کے قریبی کرشنا گھاڈگے سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی ہے۔ پہلگام حملے پر ایک ریلی میں گھاڈگے نے مسعود کو ‘پاکستانی ایجنٹ’ بتایا اور ان کے خلاف دشنام طرازی بھی کی۔

بھوپال سینٹرل ایم ایل اے عارف مسعود (بائیں) اور بی جے پی لیڈر کرشنا گھاڈگے (دائیں)۔

بھوپال سینٹرل ایم ایل اے عارف مسعود (بائیں) اور بی جے پی لیڈر کرشنا گھاڈگے (دائیں)۔

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر لیڈر اور بھوپال سینٹرل اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے عارف مسعود کو جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک دھمکی بی جے پی لیڈر کرشنا گھاڈگے نے عوامی طور پر دی ہے ۔

انہوں نے مسعود کو ‘پاکستانی ایجنٹ’ اور ‘چور’ کہہ کر مخاطب کیا اور ان کے حامیوں کو ‘کتا’ کہا۔  گھاڈگے کو مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔

‘یہ موضوع  پاکستان کا نہیں ہے۔ اس پاکستان کے ایجنٹ اسی چوراہے پر کھڑے ہو کر سن رہے ہیں۔ میں انہیں بتانا چاہتا ہوں – اب تم بھوپال میں ہنگامہ کرکے دکھاؤ۔ چور عارف مسعود، چور اور اس کے حامی جو ہمارے مذہب کی مخالفت کریں گے، ان…کو چھوڑیں گے نہیں، یہیں پر ماریں گے۔ بی جے پی لیڈر گھاڈگے کو کئی ویڈیوز میں ایسا کہتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، وہ یہ بیان حالیہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں دے رہے تھے۔

بائیں سے - مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا اور بی جے پی لیڈر کرشنا گھاڈگے (تصویر: فیس بک)

بائیں سے – مرکزی وزیر جیوترادتیہ سندھیا اور بی جے پی لیڈر کرشنا گھاڈگے (تصویر: فیس بک)

ریاستی بی جے پی ورکنگ کمیٹی کے رکن گھاڈگے نے بھی اپنی تقریر میں مسعود کے لیے گالی گلوچ کا استعمال کیا۔

مسعود کے حامیوں نے گھاڈگے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے، لیکن بی جے پی لیڈر نے اپنے بیان پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا ہے۔

اپنے بیان میں گھاڈگے نے کہا، ‘ہماری ریلی پاکستان کے خلاف تھی۔ میں نے اسے (مسعود) پاکستانی ایجنٹ کہا اور اس کی جان لینے کی بات کہی… یہ معاملہ اب اوربہتر انداز میں سامنے آرہا ہے کیونکہ عارف مسعود کے فین کلب کے لوگ میرے خلاف شکایت کر رہے ہیں۔ میں نے پاکستان کے خلاف بات کی تھی اور وہ پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے میرے خلاف رپورٹ درج کروا رہے ہیں۔’

اس سے قبل بھی عارف مسعود کو سچن رگھوونشی نامی شخص کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ رگھوونشی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر کے ساتھ رگھوونشی کی تصویریں بھی سامنے آئی تھیں۔

عارف مسعود نے اخبار کو بتایا،’وہ لوگ ناراض ہیں کیونکہ میں لگاتار الیکشن جیتتا رہتا ہوں اور ان کی پوری طاقت لگانے کے باوجود بھوپال کا ایم ایل اے بنا ہوا ہوں۔ انہیں ہندو مسلم اتحاد کا بیانیہ بھی پسند نہیں ہے، اسی لیے وہ مجھے نشانہ بناتے ہیں۔’