نتیش کمار کے بیٹے کو فلیٹ گفٹ کرنے پر اپوزیشن کا للن سنگھ پر حملہ: ’فلیٹ فار منتری پد‘ کہہ کر اٹھائے سوال

دی وائر کی رپورٹ میں اس انکشاف کے بعد کہ جے ڈی یو لیڈر اور مرکزی وزیر للن سنگھ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو پٹنہ میں عالیشان فلیٹ گفٹ کیا ہے، اپوزیشن نے ریاستی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے نتیش کمار پر سوال اٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دی وائر کی رپورٹ میں اس انکشاف کے بعد کہ جے ڈی یو لیڈر اور مرکزی وزیر للن سنگھ نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو پٹنہ میں عالیشان فلیٹ گفٹ کیا ہے، اپوزیشن نے ریاستی حکومت پر شدید حملہ کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے نتیش کمار پر سوال اٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

سی پی آئی (ایم ایل)  کےپولت بیورو ممبر دھیریندر جھا نے اس پورے واقعہ کو فلیٹ فار منتری پدکہا ہے۔ (السٹریشن: دی وائر)

پٹنہ : وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کو جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر راجیو رنجن عرف للن سنگھ کی جانب سے پٹنہ میں تقریباً 91 لاکھ روپے کی جائیداد کے گفٹ سے متعلق دی وائر کی رپورٹ کے بعد بہار کی سیاست میں ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس پورے واقعہ پر نتیش کمار حکومت کی شدید تنقید کی ہے اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دی وائر کی رپورٹ کے مطابق، للن سنگھ نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے صرف تین ماہ قبل 15 جنوری 2024 کو نشانت کمار کو ایک رجسٹرڈ گفٹ ڈیڈ کے ذریعے پینٹ ہاؤس گفٹ کیا تھا۔ ڈیڈ میں ‘محبت اور قربت’ کو اس تحفے کی وجہ بتایا گیا ہے۔ واضح ہو کہ للن سنگھ کو این ڈی اے کی حکومت بننے کے بعد جے ڈی یو کوٹے سے وزارتی عہدہ دیا گیا ۔

یہ فلیٹ پٹنہ کے شاستری نگر میں شیو رادھیکا کمپلیکس کی پانچویں منزل پر واقع ہے، جس میں ٹیرس، دو کار پارکنگ  اور ایک  سروینٹ روم بھی  شامل ہے۔یہ علاقہ پٹنہ کے سب سے محفوظ اور اشرافیہ کے علاقوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

نشانت کو اس عمارت میں پینٹ ہاؤس تحفے میں دیا گیا  ہے۔ (تصویر: آشوتوش کمار پانڈے/ دی وائر )

اس انکشاف کے بعد اپوزیشن نے اسے ’ فلیٹ فار منتری پد‘ کا معاملہ بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی اخلاقیات پر سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے معاملے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے اور حکمران جماعتوں سے جواب طلب کیا ہے۔

کانگریس کا الزام – ‘مشکوک تحفہ، وزارتی عہدے کا سودا؟

کانگریس کے ریاستی ترجمان اسیت ناتھ تیواری نے پورنیہ میں پریس کانفرنس کی اور اس معاملے پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور للن سنگھ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ للن سنگھ کو وزیر اعلیٰ کے بیٹے کو فلیٹ تحفے میں دینے کے بعد جے ڈی یو کوٹے سے مرکزی حکومت میں وزیر بنایا گیا ۔

کانگریس ترجمان نے دی وائر کوکہا،’کروڑوں روپے کے مکان کا تحفہ ‘محبت اور قربت’ میں دینا شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے۔ یہ تحفہ نئی مرکزی حکومت بننے سے چند دن پہلے دیا گیا تھا۔ اس تحفے کے کچھ ہی دنوں بعد للن سنگھ کو مرکزی حکومت میں وزیر بنایا گیا ۔ جو حالات بن رہے ہیں اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جے ڈی یو کوٹے سے وزیربننے کے لیےنتیش کمار کے بیٹے کو کروڑوں روپے کا تحفہ دیا گیا اور بدلے میں نتیش کمار نے انہیں وزیر بنوایا۔’

انہوں نے مزید کہا،’ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پورے معاملے کی تحقیقات کرائی جائے۔ اس بات کی بھی جانچ ہونی چاہیے کہ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار یا دیگر رشتہ داروں کو گزشتہ سالوں میں کس کس نے تحفے دیے ہیں۔’

انہوں نے الزام لگایا کہ ‘یہ شبہ مضبوط ہوتا جا رہا ہے کہ سوشلزم اور ایمانداری کی آڑ میں نتیش کمار نے جم کربدعنوانی کا گھی پیا ہے۔’

کانگریس کے قومی ترجمان پون کھیرا نے دی وائر سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘جب پاپ کاگھڑا بھر جاتا ہے، تو اسے پھوٹنے میں دیر نہیں لگتی۔ بیس سال تک ‘کلین’ اور ‘کرپشن فری’ امیج بنانے کے بعد، سچائی اب سامنے آ رہی ہے۔ بہار کے نام نہاد ‘ایماندار’ لیڈر اتنے بھی ایماندار نہیں نکلے۔ ان کےاپنے  لوگ، جنہیں پتہ ہے کہ اب ان کا وقت ختم ہو رہا ہے، ان کے رازکھولنے لگے ہیں۔’

‘للن سنگھ کی طرف سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے کو دیے گئے اس ‘گفٹ’ کا انکشاف ابھی تو آغاز ہے۔ جب بہار میں ہماری حکومت بنے گی تو ایسے اور بھی بہت سے راز کھلیں گے۔’

سی پی آئی (ایم ایل) کا حملہ: ‘نتیش جی کا پریوار چھوٹا نہیں ہے، بہت بڑا ہے

سی پی آئی (ایم ایل)  کےپولت بیورو ممبر دھیریندر جھا نے کہا، ‘اب تک یہ کہا جاتا تھا کہ نتیش کمار کا کوئی پریوار نہیں ہے اور انہوں نے پریوارکے لیے کچھ نہیں کیا ہے، لیکن وزارتی عہدے کے لیے نتیش جی کے بیٹے کو عالیشان فلیٹ تحفے میں دینا بہار کی سیاست میں ایک نئے باب کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نتیش جی کا پریوار اب بہت بڑا ہو گیاہے۔ انہیں کل  کو کسی چودھری (کسی اور لیڈر سے) سےکوئی بڑا گفٹ مل سکتا ہے۔’

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، ‘جب لینڈ فار جاب معاملے میں نتیش جی کے سینئر وزیر پھنس رہے ہیں، تب ‘فلیٹ فار منتری پد’ سرخیوں میں آ گیا ہے۔’

آر جے ڈی- ‘نتیش کمار اور للن سنگھ کوسامنے آکر وضاحت پیش کرنی چاہیے

بہار کی اہم اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ترجمان اور جنرل سکریٹری چترنجن گگن نے بھی اس پر سوال اٹھائے ہیں ۔

انہوں نے دی وائر سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘نتیش کمار  جی اور للن سنگھ جی کو سامنے آکر وضاحت  پیش کرنی چاہیے۔ سچائی یہ ہے کہ جتنے گھوٹالے اور بدعنوانی کو نتیش کمار کی حکومت میں پروان چڑھایا گیا ہے، اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا ہے۔ حیرت کی بات ہے کہ کوٹھی کے بدلے وزارتی عہدےکا معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد بھی بی جے پی اور نہ ہی جے ڈی یو کچھ بول رہی ہے۔’

اس پورے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ‘اسے ہلکے سے نہیں لیا جانا چاہیے۔ ممکن ہے کہ یہ تحفہ عمارت کی تعمیر کرنے والی بلڈر کمپنی سے منسلک ہو اور اس کے بدلے میں غیر قانونی فوائد حاصل کیے گئے ہوں۔ یہ بات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔’

دی وائر نے اس معاملے میں للن سنگھ، وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کے بیٹے نشانت کمار سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، لیکن ابھی تک کوئی جواب نہیں ملا ہے۔