
ہندوستان اور پاکستان نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے بتایا کہ یہ فیصلہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوکے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔ یہ جنگ بندی سنیچر کی شام 5 بجے سے مؤثر ہو گئی ہے۔ 12 مئی کو پھر سے بات چیت ہوگی۔

(علامتی تصویر: رائٹرز)
نئی دہلی: ہندوستان اور پاکستان جنگ بندی کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔ ہندوستانی سکریٹری خارجہ وکرم مصری نے سنیچر (10 مئی) کی شام کو تصدیق کی کہ ہندوستان نے امریکہ کی ثالثی میں جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی آج شام 5 بجے سے مؤثر ہو گئی ہے۔
سکریٹری خارجہ کے مطابق پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) نےہندوستانی ڈی جی ایم او کودوپہر پہر 3 بجکر 35 منٹ پر کال کیا اور اس دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شام 5 بجے کے بعد ہر طرح کی فائرنگ اور فوجی کارروائی روک دی جائے گی۔
سکریٹری خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے ڈی جی ایم او 12 مئی کوپھر سے بات چیت کریں گے۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ نئی دہلی اور اسلام آباد نے ‘مکمل اور فوری’ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا، ‘امریکہ کی ثالثی میں طویل مذاکرات کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔’ ٹرمپ نے اس فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیا اور اس کے لیے ہندوستان اور پاکستان کو مبارکباد دی۔
ٹرمپ کی پوسٹ کے چند منٹ بعد پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا، ‘پاکستان اور ہندوستان نے فوری اثر سے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔