اردو لفظوں کے استعمال پر وزارت اطلاعات نے ہندی نیوز چینلوں کو بھیجا نوٹس

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ٹی وی 9 بھارت ورش، آج تک، اے بی پی، زی نیوز اور ٹی وی 18کو باضابطہ نوٹس بھیجا ہے کیوں کہ یہ چینل ہندی ہونے کے باوجود اپنی نشریات میں تقریباً 30 فیصد اردو لفظوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ وزارت نے زبان کے ماہرین کی تقرری کی بھی ہدایت کی ہے۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے ٹی وی 9 بھارت ورش، آج تک، اے بی پی، زی نیوز اور ٹی وی 18کو باضابطہ نوٹس بھیجا ہے کیوں کہ یہ چینل ہندی ہونے کے باوجود اپنی نشریات میں تقریباً 30 فیصد اردو لفظوں کا استعمال کر رہے ہیں۔ وزارت نے زبان کے ماہرین کی تقرری کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزارت اطلاعات و نشریات کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ یہ چینل اپنی نشریات میں تقریباً تیس فیصد اردو الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔

نئی دہلی: اطلاعات و نشریات کی وزارت نے بڑے ہندی نیوز چینلوں کے خلاف اہم کارروائی کی ہے۔ 9 ستمبر 2025 کو درج کی گئی ایک شکایت کی بنیاد پر وزارت نے پانچ بڑے نیوز چینلوں کو باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے۔

شکایت میں کیا ہے؟

تھانے (مہاراشٹرا) کے رہنے والے ایس کے سریواستو نے 9 ستمبر 2025 کو سی پی جی آر اے ایم ایس پورٹل پر ایک شکایت درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھاکہ ہندی نیوز چینل ٹی وی 9 بھارت ورش، آج تک،اے بی پی، زی نیوزاور ٹی وی 18اپنی تقریباً 30 فیصد نشریات میں اردو الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔

شکایت کنندہ کا دعویٰ ہے کہ یہ چینل ہندی نیوز چینل ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن اپنے روزمرہ کے تبصروں میں دوسری زبانوں کا استعمال کررہے ہیں، جو عوام کے ساتھ دھوکہ دہی اور مجرمانہ فعل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان چینلوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ زبان کے ماہرین کی تقرری کریں اور اپنی ویب سائٹ پر ماہرین کے سرٹیفکیٹ شیئر کریں۔


دی وائر سے بات کرتے ہوئےایس کے سریواستو، جو خود کو لیگل پریکٹشنربتاتے ہیں اور کہتے ہیں نے کہا،’آپ دیکھیے، ہندی ٹی وی چینل بیٹھنے کے لیے ‘تشریف رکھیے’ اور باڑھ کے لیے ‘سیلاب’ جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ ایک ہندی بولنے والا یہ سب کیسے سمجھ سکتا ہے؟’


وہ مزید کہتے ہیں، ‘میرا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ جو ہندی بولتے ہیں، ہندی میں بی اے، ایم اے اور پی ایچ ڈی کرتے ہیں، ان کو کچھ کام مل جائے۔’

حکومت کا ردعمل اور کارروائی

گزشتہ18ستمبر، 2025 کو وزارت اطلاعات و نشریات  کے  انڈر سکریٹری نونیت کمارنے پانچ چینلوں کو الگ الگ خط بھیجے، جس میں انہیں بتایا گیا کہ ان کے خلاف مبینہ طور پر غلط ہندی استعمال کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ شکایت کی روشنی میں چینلوں کے خلاف کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (ترمیمی) رول کے مطابق ضروری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

چینلوں کو پندرہ دن کے اندر شکایت پر کیے گئے فیصلے کی اطلاع وزارت اور شکایت کنندہ کو دینے کو کہا گیا ہے۔

واضح ہو کہ کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (ترمیمی) رول، 2025 کو مرکزی حکومت نے جنوری 2025 میں نافذ کیا تھا۔ حکومت کے مطابق، یہ قواعد کیبل ٹیلی ویژن سیکٹر کو جدید اور بہتر طریقے سے منظم کرنے کے لیے نافذ کیے گئے ہیں۔

سی پی جی آر اے ایم ایس (سینٹرلائزڈ پبلک گریوینس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم) پورٹل پر درج کی گئی اس شکایت کو 19 ستمبر 2025 کو ‘کیس کلوزڈ’ کے طور پر نشان زد کیا گیا تھا۔ فی الحال، حکومتی رہنما خطوط کے مطابق، شکایات کو 21 دنوں کے اندر حل کیا جاتا ہے، جو پہلے 30 دن تھا۔