سپریم کورٹ نے ریاستوں اور یونین ٹریٹری کو نوٹس جاری کر پوچھا کہ اسکول بند کئے جانے پر بچوں کو مڈ- ڈے میل کیسے مہیا کرایا جا رہا ہے۔
نئی دہلی:سپریم کورٹ نے کو رونا وائرس کے ڈرکی وجہ سےملک کے کئی حصوں میں اسکولوں کے بند ہونے سے بچوں کے لیے مڈ- ڈے میل مہیا نہیں ہونے کے معاملے کا بدھ کو از خود نوٹس لیا۔چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی قیادت میں ایک بنچ نے معاملے پر از خود نوٹس لیا اور ریاستوں ، یونین ٹریٹری کو نوٹس جاری کرکے پوچھا کہ اسکول بند کئے جانے پر بچوں کو مڈ ڈے میل کیسے مہیا کرایا جا رہا ہے۔
کو رونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کے مد نظر دہلی-این سی آر اور دیگر کئی ریاستوں میں 31 مارچ تک اسکول بند ہیں۔معلوم ہو کہ مرکزی حکومت نے کو رونا وائرس سے احتیاط کے طور پر سبھی تعلیمی ادارے، پبلک پلیس جیسے سوئمنگ پول، اسپا، جم، سنیما گھر اور کلچرل سینٹر وغیرہ بند کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔
بدھ کی صبح جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ہندوستان میں اب تک کو رونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھ کر 147 ہو چکی ہے۔ ان میں سے 122 ہندوستانی اور 24 غیر ملکی شامل ہیں۔اس کے علاوہ ملک میں کو رونا وائرس کی وجہ سے اب تک تین لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)