اولمپک کوالیفائر کے لئے ٹرائل کرانے کی مانگ کرنے والی سابق جونیئر ورلڈچیمپین نکہت زرین کی حمایت کرتے ہوئے اولمپک طلائی تمغہ جیتنے والے شوٹر ابھینوبندرا نے کہا کہ میری کام کی بہت عزت کرتا ہوں لیکن کھلاڑی کو اپنے کریئرمیں بار بار ثبوت دینے پڑتے ہیں۔ یہ ثبوت کہ ہم آج بھی کل کی طرح کھیل سکتے ہیں۔
نئی دہلی: ہندوستانی اسٹار خاتون باکسر ایم سی میری کام نے سنیچر کواولمپک چیمپین شوٹر ابھینو بندرا کی سابق جونیئر ورلڈ چیمپین نکہت زرین کی مانگ کی حمایت کرنے کو لےکر مایوسی کا اظہار کیا۔ میری کام نے کہا کہ ان کو (بندرا) باکسنگ میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ جمعرات کو بندرا نے زرین کی6 بار کا ورلڈ چیمپین باکسر کے خلاف ٹرائل کرانے کی مانگ کی حمایت کی تھی لیکن اولمپک برانز میڈل جیتنے والی میری کام کویہ بات پسند نہیں آئی۔
میری کام نے کہا، ‘ بندرا اولمپک گولڈ میڈل جیت چکے ہیں لیکن میں نے بھی ورلڈ چیمپین شپ میں کئی گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ باکسنگ میں مداخلت یا دخل دینا، ان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ میں نشانے بازی کے بارے میں بات نہیں کرتی اس لیے ان کے لئے بہتر یہی ہوگا کہ وہ باکسنگ پر چپ رہیں۔ وہ باکسنگ کے اصول نہیں جانتے۔ ‘ساتھ ہی انہوں نے کہا، ‘وہ باکسنگ کے بارے میں کچھ نہیں جانتے۔ اس لئےبہتر ہوگا کہ خاموش رہیں۔ مجھے نہیں لگتا کہ ابھینو بھی ہر شوٹنگ ٹورنامنٹ سے پہلےٹرائلس کے لئے جاتے ہوںگے۔ ‘
واضح ہو کہ، گزشتہ اگست مہینے میں تب تنازعہ ہو گیا تھا جب بی ایف آئی نےورلڈ چیمپین شپ کے ٹرائل مقابلے کے لئے میری کام کے خلاف نکہت زرین کو موقع ہی نہیں دیا تھا۔ زرین کی ورلڈ چیمپین شپ کے لئے ٹرائل کی مانگ انڈین باکسنگ فیڈریشن نے ٹھکرا دی تھی۔بی ایف آئی کی اب ورلڈ چیمپین شپ میں برانز میڈل جیتنے کے بعد اولمپک کوالیفائر کے لئے بھی میری کام کو بھیجنے کا منصوبہ ہے۔
اس لئے انہوں نے وزیرکھیل کرن ریجیجو کو خط لکھکر اولمپک کوالیفائر کےلئے ٹیم میں جگہ پانے کا مناسب موقع دئے جانے کی مانگ کی۔
While I have all the respect for Marykom , Fact is ,an athletes life is an offering of proof. Proof that we can be as good as yesterday. Better than yesterday. Better than tomorrows man /woman. In sport, yesterday NEVER counts. https://t.co/B0MBT3HFU0
— Abhinav Bindra OLY (@Abhinav_Bindra) October 17, 2019
اس پر ہندوستان کے اکلوتے اولمپک نجی طور پر سونے کا تمغہ جیتنے والاشوٹر ابھینو بندرا نے جمعرات کو اگلےسال اولمپک کوالیفائر کے لئے ہندوستانی ٹیم کاانتخاب کرنے سے پہلے نکہت زرین کی باکسر ایم سی میری کام کے خلاف ٹرائل کی مانگ کی حمایت کی۔ بندرا نے ٹوئٹ کیا،’میری کام کی میں بہت عزت کرتا ہوں لیکن کھلاڑی کواپنے کریئر میں بار بار ثبوت دینے پڑتے ہیں۔ یہ ثبوت کہ ہم آج بھی کل کی طرح کھیل سکتے ہیں۔ کل سے بہتر اور آنے والے کل سے بہتر۔ کھیل میں بیتا ہوا کل معنی نہیں رکھتا۔ ‘
بتا دیں کہ، بندرا اور زرین دونوں جے ایس ڈبلیو گروپ سے منسلک ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)