ایودھیا مسجدٹرسٹ- انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے دھنی پور میں مجوزہ پروجیکٹ کے نقشے ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کر دیے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ذریعےدی گئی اس زمین پر ایک مسجد، ریسرچ سینٹر اور کمیونٹی کچن بنانے کامنصوبہ ہے۔
ایودھیا مسجدٹرسٹ- انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن نے ایودھیا کے دھنی پور میں اپنے مجوزہ پروجیکٹ کے نقشے کی ڈرائنگ سوموار کو ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سونپ دی ہے۔ایودھیا فیصلے کے تحت دھنی پور میں سپریم کورٹ کے ذریعے دی گئی5 ایکڑ زمین پر ایک مسجد اور دیگر سہو لیات کی تعمیر کی جانی ہیں۔
ٹرسٹی کیپٹن افضال احمد خان نے ایودھیاڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین اوردیگر عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کی اور ایودھیا مسجد ٹرسٹ کے مجوزہ پروجیکٹ کے بارے میں گفت وشنیدکی، جس میں300 بیڈ کا سپر اسپیشیلٹی اسپتال، ایک کمیونٹی کچن جس میں روزانہ لگ بھگ ایک ہزار افرادکےکھانے کا انتظام ہوگا، ایک ریسرچ سینٹر جو عظیم مجاہد آزاد شہید مولوی احمداللہ شاہ کے نام پرہے اور ایک مسجد جو ایک بار میں دو ہزار نمازیوں کے نماز ادا کرنے کے لیے ہوگی ، شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گیارہ سیٹوں میں نقشے ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین وشال سنگھ کے حوالےکیے گئے ہیں۔ ٹرسٹ نے نقشےکی منظوری کے لیے پروسیسنگ فیس کےطور پر89 ہزار روپے بھی جمع کرا دیے ہیں۔
ٹرسٹی کیپٹن افضال نے بتایا کہ پروجیکٹ کا نقشہ سائزمیں بڑا ہے اور عام نقشوں سے بہت الگ ہے اس لیے اس کو آن لائن اپلائی نہیں کیا جا سکا ، اس لیے ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی سےنقشے کو آف لائن منظور کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
کیپٹن افضال نے محکمہ انکم ٹیکس کے ذریعے انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن کو 80 جی کا ٹیکس چھوٹ سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے بتایا اس کی وجہ سے ٹرسٹ کے لیےعطیات رکی ہوئی ہیں اور یہ ہمارے پروجیکٹ کو شروع کرنے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت اوروزارت خزانہ سےمداخلت کی گزارش کی ہے۔
(ارشد افضل خان آزاد صحافی ہیں۔)