فلمساز اور ہدایت کار ایکتا کپور نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘الٹ بالاجی’ پر نشر ہونے والی ویب سیریز ‘ٹرپل ایکس’ سیزن 2 میں فوجیوں کی مبینہ طور پر توہین کرنے اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ان کے خلاف جاری کیے گئے گرفتاری وارنٹ کو چیلنج کیا ہے۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو فلمساز اور ہدایت کار ایکتا کپور کی ویب سیریز ‘ٹرپل ایکس’ (XXX) سیزن 2 میں قابل اعتراض مواد کے لیےسرزنش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کی نوجوان نسل کے ذہنوں کو آلودہ کر رہی ہیں۔
سپریم کورٹ کپور کی طرف سے دائر ایک عرضی کی سماعت کر رہی تھی، جس میں ان کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ‘الٹ بالاجی’ پر نشر ہونے والی ویب سیریز میں فوجیوں کی مبینہ طور پر توہین کرنے اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں ان کے خلاف جاری گرفتاری وارنٹ کو چیلنج کیا گیا تھا۔
جسٹس اجے رستوگی اور جسٹس سی ٹی روی کمار کی بنچ نے کہا، کچھ تو کیا جانا چاہیے۔ آپ اس ملک کی نوجوان نسل کے ذہن کو آلودہ کر رہی ہیں۔ او ٹی ٹی (اوور دی ٹاپ) مواد سب کے لیے دستیاب ہے۔ آپ لوگوں کو کس قسم کے اختیارات دے رہے ہیں؟ آپ نوجوانوں کے ذہنوں کو آلودہ کر رہے ہیں۔
کپور کی طرف سےسینئر وکیل مکل روہتگی نے کہا کہ پٹنہ ہائی کورٹ کے سامنے ایک عرضی دائر کی گئی ہے، لیکن ایسی کوئی امید نہیں ہے کہ معاملہ جلد ہی سماعت کے لیے لسٹ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے بھی اسی طرح کے ایک کیس میں کپور کو تحفظ دیا تھا۔
روہتگی نے کہا کہ سیریز کا مواد سبسکرپشن پر مبنی ہے اور اس ملک میں پسند کی آزادی ہے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ عوام کو کیا آپشن دیا جا رہا ہے؟
بنچ نے کہا، جب بھی آپ اس عدالت میں آتے ہیں۔ ہم اس کی تعریف نہیں کرتے۔ ایسی پٹیشن دائر کرنے پر ہم آپ کو جرمانہ کریں گے۔ مسٹر روہتگی براہ کرم اسے اپنے مؤکل کو بتائیں۔ صرف اس لیے کہ آپ ایک اچھے وکیل کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ عدالت ان کے لیے نہیں ہے ، جن کے پاس آواز ہے۔
بنچ نے کہا، یہ عدالت ان لوگوں کے لیے کام کرتی ہے جن کے پاس آواز نہیں ہے۔ جن لوگوں کو ہر قسم کی سہولت میسر ہے اگر ان کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کی حالت کے بارے میں سوچیں ۔ ہم نے حکم دیکھا ہے اور ہمیں اعتراض ہے۔
سپریم کورٹ نے معاملے کو زیر التواء رکھا اور تجویز دی کہ ہائی کورٹ میں سماعت کی صورتحال جاننے کے لیے مقامی وکیل کی خدمات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
معلوم ہو کہ 28 ستمبر کو بہار کے بیگوسرائے کی ایک عدالت نے سابق فوجی شمبھو کمار کی شکایت پر فلم پروڈیوسر اور ہدایت کار ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے تھے۔
کمار نے 2020 کی اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ ویب سیریز ‘ٹرپل ایکس’ سیزن 2 میں ایک فوجی کی بیوی سے متعلق کئی قابل اعتراض مناظر دکھائے گئے ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)