مہاراشٹر: طیارہ حادثے میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت

مہاراشٹر کے بارامتی میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اجیت پوارطیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب  این سی پی لیڈر پوار اور دیگر کو لے جا رہا طیارہ پونے کے بارامتی علاقے میں لینڈ کر رہا تھا۔ ان کے ساتھ پانچ دیگر افراد بھی سوار تھے، لیکن وہ زندہ نہیں بچ سکے۔

مہاراشٹر کے بارامتی میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما اجیت پوارطیارہ حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا، جب  این سی پی لیڈر پوار اور دیگر کو لے جا رہا طیارہ پونے کے بارامتی علاقے میں لینڈ کر رہا تھا۔ ان کے ساتھ پانچ دیگر افراد بھی سوار تھے، لیکن وہ زندہ نہیں بچ سکے۔

اجیت پوار (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ اجیت پوار کی بدھ کی صبح پونے میں طیارہ حادثے میں موت ہو گئی۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، پوار (66) کے ساتھ پانچ دیگر لوگ بھی سوارتھے، جو زندہ نہیں بچ سکے۔

حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب این سی پی لیڈر پوار اور دیگر افراد کو لے جا رہا طیارہ پونے کے بارامتی علاقے میں لینڈ کر رہا تھا۔

بارامتی ہوائی اڈے کے منیجر شیواجی تاورے نے بتایا ،’طیارہ وی ٹی ایس ایس کے  لینڈنگ کی کوشش کر رہا تھا اور طیارہ رن وے کے کنارے چلا گیااور ٹکرانے کے بعد اس میں دھماکہ ہوگیا۔’ انہوں نے بتایا کہ یہ طیارہ لئیر جیٹ 45 تھا جسے ممبئی سے چارٹرڈ کیا گیا تھا ۔

ڈی جی سی اے کے مطابق، این سی پی لیڈر ودیت جادھو کے ساتھ، پنکی مالی، سمت کپور، شامبھوی پاٹھک بھی مذکورہ طیارے میں سوار تھے۔

بارامتی میں اجیت پوار کے قریبی ساتھی کرن گجر، جو مقامی اسپتال میں موجود ہیں، نے بتایا کہ جب پوار سمیت چھ لوگوں کوجب اسپتال لایا گیا تب ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں تھا ۔

اطلاعات کے مطابق، اجیت پوار کی بیوی سنیترا، چچا اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی- شرد چندر پوار (این سی پی-ایس پی) کے سربراہ شرد پوار، اور این سی پی-ایس ایم پی سپریا سولے دہلی سے بارامتی کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پارلیامنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن میں شرکت کے لیے پوار فیملی دہلی میں شرد پوار کے گھر پر تھی۔

بارامتی ہوائی اڈے کے قریب ایک دکان کے مالک نے انڈین ایکسپریس کو بتایا، ‘طیارہ لینڈنگ کے دوران بہت شور کر رہا تھا، اس لیے میرا دھیان اس پر گیا۔ ایسا لگا کہ وہ لینڈ کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن رن وے سے پھسل گیا، اور ایک زبردست دھماکہ ہوا۔ انہوں نے طیارے سے چار یا پانچ لاشیں نکالیں۔’

وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف سیاست دانوں نے پوار کی موت اور حادثے پر غم کا اظہار کیا ہے۔

ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا،’شری اجیت پوار جی عوامی لیڈر تھے۔ مہاراشٹر کے لوگوں کی خدمت میں سب سے آگے رہنے والے ایک محنتی انسان کے طور پر ان کا بہت احترام کیا جاتا تھا ۔ انتظامی امورکی ان کی سمجھ اور غریبوں اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کا ان کا جذبہ بھی قابل تعریف تھا۔ ان کی بے وقت موت انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کے خاندان اور ان گنت مداحوں سے میری تعزیت۔ اوم شانتی۔ ‘

بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اجیت پوار کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حادثے کی صحیح طریقے سے جانچ ہونی چاہیے۔