برج بھوشن سنگھ کے بیٹے کو ٹکٹ ملنے سے ناراض پہلوانوں نے کہا – بی جے پی کو عورتوں کے تحفظ کی کوئی فکر نہیں

بی جے پی کی جانب سے برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کو قیصر گنج لوک سبھا سیٹ کا ٹکٹ دینے پر پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ میڈل جیتنے والی بیٹیاں سڑکوں پر گھسیٹی جائیں گی اور ان کے ساتھ جنسی استحصال کرنے والے کے بیٹے کوٹکٹ دے کر عزت افزائی کی جائے گی۔

بی جے پی کی جانب سے برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کو قیصر گنج لوک سبھا سیٹ کا ٹکٹ دینے پر پہلوان بجرنگ پونیا نے کہا کہ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ میڈل جیتنے والی بیٹیاں سڑکوں پر گھسیٹی جائیں گی اور ان کے ساتھ جنسی استحصال کرنے والے کے بیٹے کوٹکٹ دے کر عزت افزائی کی جائے گی۔

جنتر منتر پر مظاہرے کے دوران بجرنگ پونیا، ونیش پھوگٹ اور ساکشی ملک۔ (فائل فوٹو بہ شکریہ: Twitter/@SakshiMalik)

جنتر منتر پر مظاہرے کے دوران بجرنگ پونیا، ونیش پھوگٹ اور ساکشی ملک۔ (فائل فوٹو بہ شکریہ: Twitter/@SakshiMalik)

دہلی: ملک کی چوٹی کی خاتون پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے ملزم اور قیصر گنج (اتر پردیش) سے بی جے پی کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کا پارٹی نے ٹکٹ کاٹتے ہوئے ان کے بیٹے کرن شرن سنگھ کو میدان میں اتارا ہے، حکمران جماعت کے اس فیصلے سے خواتین پہلوان ناراض ہیں۔ قیصر گنج میں 20 مئی کو پانچویں مرحلے میں ووٹنگ ہے۔

پہلوانوں نے کیا کہا؟

کئی خواتین پہلوانوں کے سنگین الزامات کے باوجود قیصر گنج کا ٹکٹ برج بھوشن کے خاندان کو ملنے پر سوشل میڈیا پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہاہے۔

اولمپک میڈل جیتنے والی ملک کی پہلی اور واحد خاتون ریسلر ساکشی ملک نے ایکس پر لکھا ہے، ‘ملک کی بیٹیاں ہار گئیں، برج بھوشن جیت گیا۔ ہم سب نے اپنا کیریئر داؤ پر لگایا، دھوپ اور بارش میں کئی دن سڑکوں پر سوئے۔ برج بھوشن کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ ہم کچھ نہیں مانگ رہے تھے، صرف استعفیٰ مانگ رہے تھے۔ گرفتاری چھوڑو، آج اس کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر آپ نے ملک کی کروڑوں بیٹیوں کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ ٹکٹ جائے گا تو صرف ایک ہی خاندان میں، کیا ملک کی حکومت ایک آدمی کے سامنے اتنی کمزور ہوتی ہے؟ بھگوان شری رام کے نام پر صرف ووٹ چاہیے، ان کے دکھائے ہوئے راستے کا کیا؟’

برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج میں ساکشی ملک نے قائدانہ رول ادا کیا تھا۔ ساکشی کی جانب سے کرن کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے لکھی گئی پوسٹ میں انہوں نے بجرنگ پونیا اور ونیش پھوگاٹ کو ٹیگ کیا ہے۔

بجرنگ پونیا نے ایکس  پرایک پوسٹ میں لکھا ہے، ‘بی جے پی خود کو دنیا کی سب سے بڑی پارٹی سمجھتی ہے، لیکن اس نے اپنے لاکھوں کارکنوں میں سے برج بھوشن کے بیٹے کو ٹکٹ دیا، وہ بھی اس وقت جب بی جے پی پرجول ریونا کے معاملے میں گھری ہوئی ہے۔ . پنجاب اور ہریانہ کی تحریکوں میں یہاں کے لوگ ایک نعرہ لگاتے ہیں، سرکاروں سے نہ آس کرو، اپنی رکھوالی آپ کرو۔ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ میڈل جیتنے والی بیٹیاں سڑکوں پر گھسیٹی جائیں گی اور ان کا جنسی استحصال کرنے والے کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر عزت افزائی کی  جائے گی۔

انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے پونیا نے کہا، ‘برج بھوشن شرن سنگھ کے بیٹے کو ٹکٹ دے کر بی جے پی نے دکھایا ہے کہ وہ خواتین کی آواز کو اہمیت نہیں دیتی اور نہ ہی عورتوں کے تحفظ کی فکر کرتی ہے۔ یہ شرمناک ہے کہ حکومت ایک ایسے شخص کی حمایت کر رہی ہے جس نے ملک کی بہنوں اور بیٹیوں کو جنسی طور پر ہراساں کیا…ایسے شخص کے بیٹے کو ٹکٹ دینا، اس (برج بھوشن شرن سنگھ) کو ٹکٹ دینے کے مترادف ہے۔ اقتدار تو باپ کے پاس رہے گا۔ بیٹا صرف دکھاوے کے لیے ہے۔’

ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی ایکس پوسٹ

ساکشی ملک اور بجرنگ پونیا کی ایکس پوسٹ

کرن شرن سنگھ کون ہیں؟

کرن شرن سنگھ، ایم پی اور انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے تین بیٹوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ 28 سالہ کرن اس سال فروری میں ہی اتر پردیش ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر بنے تھے، یعنی جب ساکشی ملک، ونیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا وغیرہ راجدھانی دہلی میں برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کر رہی  تھیں، تب کرن یوپی ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر کی کرسی پر فائز تھے۔

کرن خود بھی قومی سطح کے ٹریپ شوٹر رہے ہیں۔ وہ 2024 کے عام انتخابات سے پہلی بار قومی دھارے کی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں۔ برج بھوشن سنگھ کے بڑے بیٹے پرتیک بھوشن سنگھ گونڈہ صدر سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔

برج بھوشن شرن سنگھ پر کیا الزامات ہیں؟

چھ بار کے ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ پانچ بار قیصر گنج سے منتخب ہوئے ہیں۔ خواتین پہلوانوں نے ان پر الزام لگایا ہے کہ جب وہ انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے صدر تھے تو انہیں ہراساں کیا گیا۔

سنگھ کے خلاف دو ایف آئی آر میں جنسی ہراسانی کے کم از کم 15 واقعات کی تفصیل دی گئی ہے، جن میں نامناسب طریقے سےچھونے اور چھیڑ چھاڑ کے 10 واقعات شامل ہیں۔ ان پر خواتین پہلوانوں کی چھاتیوں پر ہاتھ رکھنے، ان کی نافوں کو چھونے، پیچھا کرنے اور ڈرانے دھمکانے کے کئی الزامات ہیں۔