راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا کہ مستقبل کی نسل عظیم روایتوں کو قبول کر سکے اس کے لئے حکومت اس بورڈ کو قائم کرےگی۔
نئی دہلی: وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے جمعہ کو کہا کہ راجستھان کی تہذیب، سنسکار اور روایتوں سے عطیے کی ترغیب ملتی ہے اور مستقبل کی نسل بھی ان عظیم روایتوں کو قبول کرے ،اس کے لئے ہماری حکومت ویدک تعلیم اور سنسکار بورڈ قائم کرےگی۔گہلوت جئے پور کا بڑلا آڈیٹوریم میں 25ویں ریاستی سطح پر بھاماشاہ اعزاز تقریب کو خطاب کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تعلیم کے میدان میں مالی تعاون دینے والے بھاماشاہوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاماشاہوں نے تعلیم جیسے مقدس کام کے لئے جو تعاون کیا ہے اس کا احساس مجھے اور میری حکومت کو ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت میں حکومتیں آتی-جاتی رہتی ہیں، لیکن تاریخ سے چھیڑچھاڑ اور تعلیم میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
گہلوت نے کہا کہ یو پی اے کی حکومت کے وقت صنعتوں کو اپنی آمدنی کا ایک حصہ کمپنی سوشل رسپانسبلٹی (سی ایس آر) سرگرمیوں کے لئے دینا لازم کیا گیا تھا۔ یہ ایک تاریخی فیصلہ ثابت ہوا جس سے تعلیم، صحت کے علاوہ دیگر سماجی شعبوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا گیا ہے اور عام لوگوں کو اس کا فائدہ مل رہا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بھاماشاہوں اور ان کو ترغیب دینے والے کی جانکاری سے متعلق کتاب ‘ پرشستیاں ‘کی تقریب رونمائی میں بھی حصہ لیا۔ ریاستی وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا نے کہا کہ ہماری حکومت تعلیم کی بھرپورترقی کے لئے ہرممکن کوشش کرےگی۔ ہم تعلیم کو روزگار پر مبنی بنائیںگے۔
اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے وزیر مملکت بھنورسنگھ بھاٹی، سنسکرت تعلیم کے وزیر مملکت سبھاش گرگ، پرنسپل سکریٹر ی آف اسکول ایجوکیشن آر وینکٹیش ورن سمیت بڑی تعداد میں ماہر تعلیم اور بھاما شاہ موجود تھے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)