ریلوے کے اعداد و شمار کے مطابق کھلاسی اور ہیلپر کے عہدوں کے لئے درخواست دینے والے 419137 امیدواروں کے پاس بی ٹیک اور 40751 امیدواروں کے پاس انجینئرنگ میں ماسٹرس ڈگری ہے۔
نئی دہلی: انڈین ریلوے میں پٹری مین، کھلاسی اور ہیلپر کے عہدوں کے لئے 82 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے درخواست دی ہے۔ درخواست دینے والے تمام لوگوں میں ایک بڑی تعداد انجینئرنگ، سائنس، آرٹس، کامرس اور مینجمنٹ کے گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ کی ہے۔ریلوے میں لیول-1 اور گروپ ڈی زمرہ میں 62907 عہدوں پر بحالی کے لئے ریلوے تقرری بورڈ (آر آر بی)کو تقریباً دو کروڑ درخواست ملے، جن میں سے 188721 امیدواروں کو جسمانی قابلیت ٹیسٹ کے لئے بلایا گیا۔
ریلوے میں لیول-1 کا عہدہ سب سے نچلا ہوتا ہے، جس میں گیٹ مین، ریلوے شیڈ اور آفس میں کام کرنے والے ہیلپر، ٹریک مین، گینگ مین اور پٹری کی مرمت کرنے والے پوائنٹ مین ہوتے ہیں۔ان عہدوں پر بحالیوں کا عمل 2018 کے بیچ میں شروع ہوا تھا اور موجودہ وقت میں آر آر بی چنے گئے 75485 امیدواروں کے دستاویزوں کی تصدیق اور میڈیکل ٹیسٹ کے عمل میں ہے، جن میں سے کئی انجینئر، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ہیں۔
ریلوے کے نئے اعداد وشمار کے مطابق، یہ تعداد ہندوستان میں روزگار کی کمی کا تازہ اشارہ ہے، ایک ایسا مدعا جو موجودہ لوک سبھا انتخابات میں چھایا ہوا ہے۔ریلوے میں موجودہ روزگار کامنظرنامہ عام طور پر کم روزگار دینے والے سیکٹر کے طور پر جانا جاتا ہے کیونکہ اعلیٰ صلاحیت والے لوگوں کے لئے کوئی روزگار نہیں ہے اور یہ طالب علم اپنی تعلیم کی بنیاد پر نہیں بلکہ بہتر روزگار کے مواقع کے نہ ہونے پر ضرورت کی بنیاد پر ان عہدوں پر کام کرنے کو مجبور ہیں۔
حالانکہ، ان عہدوں کے لئے درخواست دینے والے لوگوں کی تعداد بہت بڑی ہے اس لئے ان کی تفتیش کے لئے ریلوے کو وقت لگا اور آخرکار آر آر بی اگلے دو سے تین مہینوں میں 60000 سے زیادہ عہدوں پر بحالیوں کے آخری کارروائی شروع کرنے کی حالت میں ہے۔ذرائع نے دی وائر کو بتایا کہ اس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو اس سال مئی کے آخر تک ڈی گروپ کے عہدوں کے لئے تقرری لیٹرملنے کا امکان ہے کیونکہ آر آر بی وسیع تقرری مہم کو آخری شکل دینے کے عمل میں لگا ہوا ہے۔
ان عہدوں پر تقرری کے لئے کم از کم تعلیم یہ ہے کہ کسی بھی امیدوار کو کلاس دسویں میں کامیاب ہونا ضروری ہے، نیشنل کونسل آن ووکیشنل ٹریننگ اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے سرٹیفیکٹ حاصل کرنا اور نیشنل اپرینٹس شپ سرٹیفیکٹ کی ضرورت ہے۔ریلوے کے اعداد و شمار کے مطابق، ریلوے میں کھلاسی اور ہیلپر کے عہدوں کے لئے درخواست دینے والے 419137 امیدواروں کے پاس بی ٹیک کی ڈگری اور 40751 امیدواروں کے پاس انجینئرنگ میں ماسٹرس ڈگری ہے۔
ان عہدوں کے لئے درخواست دینے والوں میں کلاس دسویں پاس کرنے والے امید واروں کی تعداد صرف 16952957 ہے۔ روزگار کے لیے درخواست کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ڈی گروپ کے لئے درخواست دینے والے 19.1 لاکھ لوگوں نے آرٹس سے گریجویٹ کیا ہے۔جہاں 3.83 لاکھ امید وار آرٹس میں پوسٹ گریجویٹ ہیں، وہیں 9.57 لاکھ سائنس میں گریجویٹ اور 127018 سائنس میں پوسٹ گریجویٹ ہیں۔
(ارون کمار داس سینئر صحافی ہیں۔)