انسانی حقوق کے عالمی دن سے پہلے 50 سے زیادہ ہندوستانی تنظیموں اور تقریباً 200 ماہرین نے مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے بین الاقوامی کمیونٹی کو آدھار ماڈل سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آدھار ایک ناکام اور خطرناک شناختی نظام ہے، جس کی وجہ سے ہندوستان میں بڑے پیمانے پر اخراج اور رازداری کی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔

نئی دہلی: انسانی حقوق کے عالمی دن (10 دسمبر) سے ایک دن پہلے 50 سے زیادہ تنظیموں اور ملک کے تقریباً 200 ممتاز صحافیوں، وکلاء، ماہرین اقتصادیات، ماہرین تعلیم اور سماجی کارکنوں نے مشترکہ بیان جاری کرکے دنیا سے ‘آدھار’ ماڈل سے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔
اپیل میں کہا گیا کہ ہندوستان کا بایو میٹرک شناختی نظام ‘ایک ناکام اور خطرناک ماڈل’ ہے جسے دوسرے ممالک کو اپنانے کی ترغیب نہیں دی جانی چاہیے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ورلڈ بینک کا آئی ڈی 4ڈی پروگرام، اور بین الاقوامی ادارہ ہندوستان کے آدھار سسٹم کو ایک عالمی شناختی ماڈل کے طور پر فروغ دے رہے ہیں – خاص طور پر کینیا، نائجیریا، یوگانڈا جیسے ممالک میں۔
حال ہی میں برطانیہ میں بھی قومی شناختی کارڈ کے حوالے سے بحث شروع ہوئی ہے اور برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے دورہ ہندوستان کے دوران نندن نیلیکنی سے ان سے ملاقات کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
اس ماحول کے پیش نظر تنظیموں نے اپیل جاری کی ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ‘زمینی حقائق کو پیش کرنا بہت ضروری ہے، تاکہ دنیا پروپیگنڈے کے جال میں نہ پھنس جائے۔’
آدھار سے متعلق اپیل میں اٹھائے گئے اہم خدشات درج ذیل ہیں؛
آدھار کے لیے ایک مرکزی ڈیٹا بیس بنتا ہے، جس میں بایومیٹرک اور ڈیموگرافک معلومات (جیسے نام، جنس، تاریخ پیدائش، اور پتہ) شامل ہوتی ہے۔ اس طرح کا مرکزی ڈیٹا بیس سماجی کنٹرول کا اوزار بن سکتا ہے، خاص طور پر آمرانہ حکومت کے ہاتھوں میں۔
آدھار کو لاتعداد دیگر ڈیٹا بیس سے جوڑنے سے یہ خطرہ اور بڑھ جاتا ہے کہ اس کا استعمال لوگوں کو پروفائل کرنے، ان کی نگرانی کرنے، انہیں باہرکرنے اور نہ جانے کس کس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ سینٹرلائزڈ ڈیٹا بیس ڈیٹا سکیورٹی کے نقطہ نظر سے کم محفوظ ہیں کیونکہ وہ ناکامی کا واحد نقطہ بن جاتے ہیں۔
اگرچہ آدھار ڈیٹا بیس میں ‘کو بایو میٹرکس’ (تصویر کے علاوہ بایو میٹرکس) مبینہ طور پر محفوظ ہیں، لیکن باقی معلومات تصدیق کے لیے مجاز صارفین کے ساتھ، کم سے کم حفاظتی اقدامات کے ساتھ، کھلے عام شیئر کی جاتی ہے۔ یہ رازداری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
آدھار ڈیٹا بیس میں لوگوں کی ڈیموگرافک معلومات میں بے شمار غلطیاں ہیں۔ یہ کافی حد تک آدھار اندراج جلد بازی میں کرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ اس کے باوجود، غلطیوں کو درست کرنے پر بے شمار پابندیاں ہیں، اور لوگوں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے دیگر دستاویز میں غلط تفصیلات کی تصدیق آدھار ڈیٹا بیس میں موجود دستاویزات سے کریں۔ یہ غریب لوگوں کے لیے بے شمار مشکلات کا باعث بن رہا ہے، ان میں سے بہت سے سماجی فوائد تک رسائی سے محروم ہیں۔
بوڑھے لوگوں میں بایو میٹرک کی ناکامی انہیں سماجی فوائد سے محروم کر رہی ہے۔ بایومیٹرک سسٹم کی انحصار کو سمجھے بغیر آدھار کا آغاز کیا گیا تھا۔
محروم طبقے (خاص طور پر جسمانی طور پر معذور افراد) کا ایک اہم حصہ ہے جن کے پاس مختلف وجوہات سے ، اپنی غلطی نہ ہونے پر بھی، آدھار ہے ہی نہیں۔ وہ سماجی فوائد سے محروم ہیں۔
اگر کوئی آدھار نمبر گم ہو جائے تو اسے دوبارہ حاصل کرنا بہت مشکل ہو سکتا ہے۔ غریب لوگوں کو علاقائی امدادی مراکز کے متعدد دورے کرنے پڑے ہیں۔ اس کے باوجود، بہت سے لوگ ناکام ہو چکے ہیں اور اب سماجی فوائد سے محروم ہیں۔
دوسرے ڈیٹا بیس (راشن کارڈ، جاب کارڈ، پنشن لسٹ، بینک اکاؤنٹس، ووٹر لسٹ وغیرہ) کے ساتھ زبردستی آدھار نمبر کو جوڑنے کا عمل ‘فنکشن کریپ’ کی نمائندگی کرتا ہے۔ (فنکشن کریپ کا مطلب ہے آدھار نمبر کا استعمال اس مقصد سے ہٹ کر جس کے لیے وہ جاری کیے گئے تھے۔) اس سے شہریوں اور ملازمین دونوں کا وقت ضائع ہوتا ہے۔ اگرچہ آدھار نمبر کو دوسرے ڈیٹا بیس کے ساتھ جوڑنا آسان معلوم ہوسکتا ہے، لیکن اس کے لیے بایو میٹرک یا ڈیموگرافک تصدیق کی ضرورت ہوتی ہے۔ دونوں مشکل ہو سکتے ہیں۔
آدھار کی معلومات کو درست کرنے کے لیے آدھار امدادی مراکز پر بھیڑ اور لمبی قطاریں عام ہیں۔ لوگوں کو بغیر کسی گارنٹی کے کہ ان کا کام ہوگا کہ نہیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ شکایات کو ٹریک کرنے، لگاتارمدد کی یا دیگر راحت کی کوئی سہولت نہیں ہے۔ لوگوں کا وقت اور پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔
سماجی اسکیموں میں بدعنوانی کو کم کرنے کے بجائے، آدھار کے مرکزی ڈیٹا بیس نے شفافیت کو کم کیا ہے اور عوام اور حکومت کے درمیان معلومات کے توازن میں خراب کیا ہے۔ آدھار کو بینکنگ سے جوڑنے سے نئی کمزوریوں (جیسے کہ شناختی فراڈ) کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ہر قدم پر، آدھار سسٹم قانونی فریم ورک سے باہرچلا ہے۔ یہ کسی قانونی حمایت کے بغیر شروع ہوا۔ اس کے بعد راجیہ سبھا کو نظرانداز کرتے ہوئے آدھار ایکٹ منظور کیا گیا۔ ہندوستان کی منفرد شناختی اتھارٹی (یوآئی ڈی اے آئی) نے بار بار سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتی ہے (جیسے بچوں اور نجی کمپنیوں کے استعمال پر پابندیوں کو روکنا)۔ یوآئی ڈی اے آئی بہت طاقتور ہے اور وقتاً فوقتاً ایسے ضابطے جاری کرتا ہے جو لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو مزید پیچیدہ بنا دیتے ہیں۔ جن لوگوں کے لیے ضابطے جاری کیے جاتے ہیں ان سے کبھی مشورہ نہیں لیا جاتا۔ آدھار بل کے مسودے میں پارلیامانی نگرانی کی شق کو منظور شدہ قانون سے ہٹا دیا گیا ۔
اپیل پر دستخط کرنے والوں میں کون کون شامل ہیں؟
دستخط کنندگان کی فہرست طویل ہے —ارندھتی رائے، ارونا رائے، پی سائی ناتھ، نندنی سندر، بیزواڈا ولسن، کولن گونسالویس جیسے اہم ناموں کے ساتھ ساتھ پی یو سی ایل، ایم کے ایس ایس، نریگا واچ، انٹرنیٹ فریڈم فاؤنڈیشن، رائٹ ٹو فوڈ کیمپین، اور کئی مزدور اور طلبہ تنظیموں نے بیان کی حمایت کی ہے۔ اپیل کے مطابق، ‘بھارت کے آدھار ماڈل کو بین الاقوامی سطح پر ایک جھوٹی کامیابی کی کہانی کے طور پر فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ زمینی طور پر یہ لاکھوں لوگوں کے لیے ایک بحران بن چکا ہے۔’
اپیل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں شناختی نظام موجود ہے جو آدھار سے زیادہ محفوظ، کم جابرانہ اور کم خرابی سے بھرے ہیں۔ اس لیے دیگر ممالک کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہندوستان کی مثال پر عمل نہ کریں اور مرکزی بایو میٹرک آئی ڈی کو لاگو کریں۔ اگر ضروری ہو تو یہ گروپ ان ممالک کو ہندوستان میں آدھار سے جڑے حقیقی تجربات اور مسائل کو سمجھنے میں مدد کرے گا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری کیا گیا یہ بیان نہ صرف آدھار کی تنقید ہے، بلکہ ہندوستان کی ڈیجیٹل گورننس اور شہری حقوق کے مستقبل کے بارے میں ایک سنگین سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا ٹکنالوجی کے نام پر بنائے گئے اس طرح کے ڈھانچے آخرکار جمہوریت کو ہی کمزور کر دیں گے؟
Beware of Aadhaar (Hindi, Final With Signatories) by The Wire