بینک فراڈ کیس میں سی بی آئی نے انل امبانی کے بیٹے کے گھر پر چھاپہ مارا، معاملہ درج

سی بی آئی نے ریلائنس ہوم فائنانس اور ریلائنس کمرشل فائنانس کے ساتھ ساتھ ان کے سابق ڈائریکٹروں کے خلاف – جن میں انل امبانی کے بیٹے جئے انمول امبانی  بھی شامل ہیں- دو الگ الگ بینک فراڈ کے معاملات میں  کیس درج کیا اور ان کے احاطے کی تلاشی لی۔

سی بی آئی نے ریلائنس ہوم فائنانس اور ریلائنس کمرشل فائنانس کے ساتھ ساتھ ان کے سابق ڈائریکٹروں کے خلاف – جن میں انل امبانی کے بیٹے جئے انمول امبانی  بھی شامل ہیں- دو الگ الگ بینک فراڈ کے معاملات میں  کیس درج کیا اور ان کے احاطے کی تلاشی لی۔

علامتی تصویر: پی ٹی آئی

نئی دہلی: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے منگل (9 دسمبر) کو ریلائنس ہوم فنانس اور ریلائنس کمرشل فائنانس کے ساتھ ساتھ ان کے سابق ڈائریکٹروں -جن میں انل امبانی کے بیٹے جئے انمول امبانی بھی شامل ہیں – کے خلاف دو الگ الگ بینک فراڈ کے معاملات میں کیس درج کیا اور ان کے احاطے کی تلاشی لی۔

پریس میں جاری بیان کے مطابق، ممبئی میں ریلائنس ہوم فائنانس کے دو احاطوں کے ساتھ ساتھ اس کے سابق ڈائریکٹر جئے انمول اور سابق سی ای او رویندرا سدھاکر کے رہائشی احاطے کی تلاشی کے نتیجے میں ‘جرم سے متعلق کئی دستاویز ملے۔’

سی بی آئی نے بتایا کہ یونین بینک آف انڈیا کی شکایت کی بنیاد پر ریلائنس ہوم فائنانس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بینک کا الزام ہے کہ کمپنی نے اسے  228.06 کروڑ روپئ کا ناجائز نقصان پہنچایا۔ ایجنسی نے کمپنی، اس کے پروموٹرز/ڈائریکٹرز، اور نامعلوم بینک حکام پر مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور مجرمانہ بدانتظامی کا الزام لگایا ہے۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق ، ستمبر 2019 میں بینک کی جانب سے ریلائنس ہوم فائنانس کے لون اکاؤنٹ کو نان پرفارمنگ اثاثہ (این پی اے) قرار دینے کے بعد کرائی گئی فرانزک تحقیقات میں’ قرضے لیے گئے فنڈز کے منظم غلط استعمال/ ڈائیورزن’ کا اشارہ ملا۔ اس کے بعد بینک نے اکتوبر 2024 میں لون اکاؤنٹ کو’ فراڈ’ اعلان کر دیا۔

ریلائنس کمرشل فائنانس کے معاملے میں بینک آف مہاراشٹر نے کمپنی پر 57.47 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام لگایا ہے۔

سی بی آئی کے بیان کے مطابق ، کمپنی کے خلاف بھی مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور مجرمانہ بدانتظامی کے الزاماتکی دفعات لگائی گئی ہیں۔ اس کمپنی کے لون اکاؤنٹ کو مارچ 2020 میں این پی اے قرار دیا گیا تھا اور 4 اکتوبر 2025 کو ‘فراڈ’ اعلان کیا گیا تھا۔ تلاشی کے دوران یہاں بھی جرم سے متعلق دستاویزپائے گئے۔

دونوں کمپنیوں کو 2022-23 میں اوتھم انویسٹمنٹس اینڈ انفراسٹرکچر نے قرض کے حل کے عمل کے حصے کے طور پر حاصل کیاتھا ۔

دریں اثنا، دیوالیہ ہوچکی ریلائنس کمیونی کیشن نے منگل کو شیئر بازاروں  کودی گئی ایک جانکاری میں کہا کہ یونین بینک آف انڈیا نے اس ماہ کے شروع میں اس کے اور اس کی ذیلی کمپنی ریلائنس ٹیلی کام کے قرض کھاتوں کو ‘فراڈ’ قرار دیا  ہے۔

ان معاملات کو ہندوستان کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے چھوٹے بھائی اور کبھی نریندر مودی حکومت کے قریب نظر آنے والے انل امبانی کے لیے ایک اور بڑے دھچکے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔