بی جے پی کارکنوں کا الزام ہے کہ الیکشن افسر ووٹنگ کے دوران لوگوں سے سماجوادی پارٹی کو ووٹ دینے کے لیے کہہ رہے تھے ۔
فوٹو بہ شکریہ : اے این آئی
نئی دہلی : لوک سبھا انتخاب کے تیسرے مرحلے میں ووٹنگ کے دوران منگل کو اترپردیش کے مرادآباد میں بی جے پی کارکنوں نے ایک الیکشن افسر کی پٹائی کردی ۔
جن ستا کی ایک خبر کے مطابق، بی جے پی کارکنوں کا الزام ہے کہ الیکشن افسر ووٹنگ کے دوران لوگوں سے سماجوادی پارٹی کے لیے سائیکل پر بٹن دبانے کو کہہ رہے تھے ۔
مرادآباد سے سماجوادی پارٹی کے ایس ٹی حسن انتخاب لڑ رہے ہیں جبکہ کانگریس سے عمران پرتاپ گڑھی میدان میں اترے ہیں ۔ وہیں بی جے پی کے ٹکٹ پر موجودہ ایم پی کنور سرویش سنگھ الیکشن لڑ رہے ہیں ۔مرادآباد کے بوتھ نمبر 231 پر فرضی ووٹنگ کو لے کر کافی ہنگامہ ہوا ۔ اس دوران بی جے پی کارکنوں نے ایک الیکشن افسر پر سماجوادی پارٹی کے ووٹ ڈالنے کی اپیل کا الزام لگایا ۔یہ الزام لگاتے ہوئے بی جے پی کارکنوں نے محمد زبیر نامی اس الیکشن افسر کی پٹائی کردی۔ وہاں موقع پر موجود سکیورٹی اہلکارو ں نے تمام فریقین کو سمجھا بجھا کر معاملے کو رفع دفع کردیا ۔ فی الحال پرسکون ماحول میں ووٹنگ ہورہی ہے ۔
حالاں کہ الزام لگنے کے بعد الیکشن افسر کو پولنگ بوتھ سے ہٹا دیا گیا ہے۔واضح ہوکہ کانگریس کے گڑھ رہے مرادآباد سیٹ سے 2014میں پہلی بی جے پی نے جیت درج کی تھی ۔ اس سیٹ سے سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کانگریس کے ٹکٹ پر جیت کر پارلیامنٹ پہنچ چکے ہیں۔مرادآباد میں اس بار 13 امیدوار میدان میں ہیں ۔ حالاں کہ مقابلہ ایس پی –بی ایس پی اتحاد ، بی جے پی اور کانگریس کے بیچ ہی ہے۔