ٹرسٹوں کے ذریعے کارپوریٹ چندہ تین گنا بڑھ کر 3,811 کروڑ روپے پہنچا، 80 فیصد سے زیادہ بی جے پی کے حصے

سپریم کورٹ کی جانب سے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد الیکٹورل ٹرسٹ کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو  ملنے والا کارپوریٹ چندہ 2024-25 میں تین گنا بڑھ کر 3,811 کروڑ روپے پہنچ گیا ہے۔ نو الیکٹورل ٹرسٹوں نے مجموعی طور پر3,811.37 کروڑ کا چندہ دیا ہے، جس میں سے مرکز میں حکمراں بی جے پی کو3,112.50 کروڑ  روپے ملے، جو کل چندے کا تقریباً 82 فیصد ہے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے الیکٹورل بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دینے کے بعد الیکٹورل ٹرسٹ کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو  ملنے والا کارپوریٹ چندہ 2024-25 میں تین گنا بڑھ کر 3,811 کروڑ روپے پہنچ گیا ہے۔ نو الیکٹورل ٹرسٹوں نے مجموعی طور پر3,811.37 کروڑ کا چندہ دیا ہے، جس میں سے مرکز میں حکمراں بی جے پی کو3,112.50 کروڑ  روپے ملے، جو کل چندے کا تقریباً 82 فیصد ہے۔

فائل فوٹو: کینوا

نئی دہلی: سپریم کورٹ  کی جانب سے متنازعہ الیکٹورل  بانڈ اسکیم کو رد کیے جانے کے بعد الیکٹورل ٹرسٹوں کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو ملنے والا کارپوریٹ چندہ سال2024-25 میں تین گنا بڑھ کر 3,811 کروڑ روپے پہنچ گیا ہے ۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائی گئی تفصیلات کے مطابق، 9 الیکٹورل ٹرسٹوں نے مل کر سیاسی جماعتوں کو کل 3,811.37 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے۔ اس میں سے، حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو 3,112.50 کروڑ روپے ملے، جو کل  چندے کا تقریباً 82 فیصد ہے۔

وہیں، کانگریس کو تقریباً 298.77 کروڑروپے ملے، جو کل چندےکے 8 فیصد سے بھی کم ہے۔ باقی تقریباً400 کروڑ روپے دوسری سیاسی جماعتوں کو  ملے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے گمنام الیکٹورل بانڈ اسکیم کو غیر آئینی قرار دینے سے قبل مالی سال 2023-24 میں ٹرسٹ کے ذریعے کل 1,218 کروڑ روپے ملے تھے۔

بڑے عطیہ دہندگان کون ہیں؟

پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ سب سے بڑے عطیہ دہندہ کے طور پر ابھرا، جس نے کل 2,668.46 کروڑ روپے تقسیم کیے، جن میں سے 2,180.71 کروڑ روپے بی جے پی کو گئے۔

پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ بھارتی انٹرپرائزز (جو کہ بھارتی ایئرٹیل کی بنیادی کمپنی ہے) کے تعاون سے چلائی جاتی ہے۔اس  ٹرسٹ کو جندل اسٹیل اینڈ پاور، میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ، بھارتی ایرٹیل، اوروبندو فارما اور ٹورینٹ فارماسیوٹیکلز جیسی بڑی کمپنیوں سے فنڈملے۔

چندہ دینے والا دوسرا بڑا حصہ پروگریسو الیکٹورل ٹرسٹ کا رہا، جے ٹاٹا گروپ کی کمپنیوں — ٹاٹا سنز، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (ٹی سی ایس) اور ٹاٹا اسٹیل سے فنڈملا ہے۔ اس ٹرسٹ نے کل 914.97 کروڑ  روپے کا عطیہ دیا، جس میں سے تقریباً 81فیصد بی جے پی کو گیا۔

ماخذ: انڈین ایکسپریس/الیکشن کمیشن ڈیٹا

دیگر قابل ذکر چندے

نیو ڈیموکریٹک الیکٹورل ٹرسٹ، جسے مہندرا گروپ (مہندرا اینڈ مہندرا، ٹیک مہندرا) سے فنڈملا، نے کل 160 کروڑ روپے کا چندہ دیا، جس میں سے 150 کروڑ روپے بی جے پی کو دیے گئے۔

ٹرائمف الیکٹورل ٹرسٹ، جس کا سب سے بڑا شراکت دار سی جی پاور اینڈ انڈسٹریل سالیوشنز لمیٹڈ ہے، نے کل 25 کروڑ روپے میں سے 21 کروڑ روپے بی جے پی کو دیے۔

جن پرگتی الیکٹورل ٹرسٹ شیوسینا (یو بی ٹی) کو چندہ دینے والا واحد ٹرسٹ تھا۔ اس ٹرسٹ نے کے ای سی انٹرنیشنل لمیٹڈ سے ملے 1کروڑ روپے پارٹی کو دیے۔

وہیں، جن کلیان الیکٹورل ٹرسٹ نے اپنی کل 19 لاکھ روپے کی رقم  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان برابر-برابر تقسیم کی۔