وزارت تعلیم کی ہدایت – 2 اکتوبر تک پی ایم مودی کے بچپن کے واقعات پرمبنی فلم دکھائیں اسکول

وزارت تعلیم نے سی بی ایس ای، کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن اور نوودیا ودیالیہ سمیتی کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بچپن کے واقعات پر مبنی فلم 'چلو جیتتے ہیں' کو اپنے اسکولوں میں دکھائیں، اور یہ بھی کہا  ہےکہ اس سے نوجوان طلبہ کو کردار سازی، خدمت گزاری اور ذمہ داری جیسے موضوعات پر غور کرنے میں مدد ملے گی۔

وزارت تعلیم نے سی بی ایس ای، کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن اور نوودیا ودیالیہ سمیتی کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بچپن کے واقعات پر مبنی فلم ‘چلو جیتتے ہیں’ کو اپنے اسکولوں میں دکھائیں، اور یہ بھی کہا  ہےکہ اس سے نوجوان طلبہ کو کردار سازی، خدمت گزاری اور ذمہ داری جیسے موضوعات پر غور کرنے میں مدد ملے گی۔

ایک خط میں وزارت تعلیم نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 16 ستمبر سے 2 اکتوبر تک وزیر اعظم نریندر مودی کےبچپن کے واقعات پر مبنی فلم ‘چلو جیتتے ہیں’ دکھائیں۔ (فوٹو بہ شکریہ: یوٹیوب)

نئی دہلی: وزارت تعلیم نے سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن(سی بی ایس ای)، کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن(کے وی ایس) اور نوودیا ودیالیہ سمیتی(این وی ایس)سے کہا ہے کہ وہ اپنے اسکولوں کو ہدایت دیں کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بچپن کے واقعات پر مبنی فلم ‘چلو جیتتے ہیں’ دکھائیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، وزارت کی طرف سے 11 ستمبر کو تین اداروں کو جاری کیے گئے ایک خط میں اسکولوں کو 16 ستمبر سے 2 اکتوبر تک فلم دکھانے  کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا، ‘اس سے نوجوان طلبہ کو کردارسازی، خدمت گزاری اور ذمہ داری جیسے موضوعات پر غور کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ فلم اخلاقی استدلال کے لیے ایک کیس اسٹڈی کے طور پر بھی کام کر سکتی ہے اور سماجی اور جذباتی تربیت، ہمدردی اورتنقیدی سوچ وغیرہ  کے اہداف کی حمایت کر سکتی ہے۔’

گزشتہ 17ستمبر کو وزیر اعظم کی سالگرہ سے تقریبا ایک ہفتہ قبل جاری کیے گئے  خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت ‘پرینا’ نامی ایک تجرباتی تعلیمی پروگرام شروع کر رہی ہے۔

اس میں کہا  گیا ہےکہ یہ پروگرام ‘9 بنیادی انسانی اقدار پر مبنی ہے: عزت نفس اور شائستگی؛ بہادری اور جرات؛ محنت اور لگن؛ سالمیت اور پاکیزگی؛ ہمدردی اور خدمت؛ جدت اور تجسس؛ تنوع اور اتحاد؛ ایمان اور اعتماد؛ آزادی اور فرض۔’

اس میں کہا گیا، ‘پریرنا پروگرام  1888 میں قائم گجرات کے وڈ نگر کے تاریخی ورناکولر اسکول سے منعقد کیا جا رہا ہے،  یہ وہی ادارہ  ہےجہاں سے عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنا تعلیمی سفر شروع کیا تھا۔’

پروگرام میں کہانی سنانا،ا قدار پر مبنی سیشن، ‘سودیسی کھیل’، سرگرمیاں اور آڈیو ویژول ایجوکیشن شامل ہیں۔

خط کے مطابق، فلم کی نمائش سے’اقدار، زندگی کی کہانی، تاریخی سیاق و سباق، اخلاقی مخمصوں اور انسانی جذبات کو بیدار کرنے میں مددملے گی۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پریرنا کےتحت باقاعدگی سے دکھائی جانے والی فلموں میں سے ایک ‘چلو جیتتے ہیں’ ہے، جو سچے واقعات پر مبنی ہے اور اس میں نو ثنائی اقدار اور سوامی وویکانند کے اس قول کو پیش کیا گیا ہے کہ ‘صرف وہی لوگ  حقیقت میں زندہ رہتے ہیں جو دوسروں کے لیے جیتے ہیں۔’

پہلی بار 2018 میں ریلیز ہوئی اس فلم کےملک بھر میں ریلیز ہونے پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کی طرف سے منگل کو وزارت اطلاعات و نشریات کے لیے جاری بیان میں کہا گیا ہے،’یہ فلم وزیر اعظم نریندر مودی کے بچپن کے ایک واقعے پر مبنی ہے۔’

ریلیز میں کہا گیا ہے، ‘یہ نوجوان نارو کی کہانی ہے، جو سوامی وویکانند کے فلسفے سے متاثر ہو کر اس کے معنی کو سمجھنے اور اپنی چھوٹی سی دنیا میں تبدیلی لانے کی کوشش کرتا ہے۔ اس اقدام سے بے لوث جذبے اور خدمت  گزاری کا لازوال پیغام نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچے گا۔’

وزارت کے خط میں فلم کا یوٹیوب لنک فراہم کیا گیا اور کہا گیا کہ اس نے 66 ویں قومی فلم ایوارڈز میں ‘خاندانی اقدار پر بہترین غیر فیچر فلم کا قومی ایوارڈ’ جیتا ہے اور ‘نوجوان ذہنوں کو متاثر کرنے کی اس کی صلاحیت کی تعریف کی گئی ہے۔’

اس میں کہا گیا، ‘فلم نے پریرنا پروگرام کے تحت شرکاء پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔’

یہ فلم 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک سینما گھروں میں دکھائی جا رہی ہے۔