گجرات میں احمد آبادکے سابرمتی ٹول ناکہ علاقے کا معاملہ۔کسی بات کو لے کر دلت کمیونٹی کے نوجوانوں کی ایک ڈھابہ مالک سے لڑائی ہو گئی تھی۔
نئی دہلی: گجرات میں احمد آباد کے سابرمتی ٹول ناکہ علاقے میں اتوار کی رات کچھ لوگوں کے ذریعے دو دلت نوجوانوں کو بے رحمی سے پیٹنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔اس دوران مبینہ طور پرایک نوجوان کے کپڑے بھی اتار دیے گئے۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق،اس واقعہ کا ایک ویڈیو سوموار کو وائرل ہوا۔
واقعہ سے جڑے مبینہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان کے کپڑے اتار کر اس کی ڈندوں سے پٹائی ہو رہی ہے۔ ا س کو سنگین حالت میں احمد آباد سول ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے، دوسرا نوجوان بھی ہاسپٹل میں بھرتی ہے۔پولیس کے مطابق،یہ واقعہ اتوار کی رات تقریباً 7:30بجے اس وقت ہوا جب پرگنیش پرمار اور جیش نامی دو دلت نوجوان احمدآباد ٹول علاقے کے ایک ڈھابے میں پہنچے تھے۔
سابرمتی پولیس تھانہ انچارج آر ایچ وال نے کہا،’ڈھابے کے مالک اور پرگنیش کے بیچ کسی بات پر تنازعہ ہوا، جس کے بعد ڈھابہ مالک نے کچھ لوگوں کے ساتھ مل کر دونوں نوجوانوں کو ڈنڈے سے مارنا شروع کر دیا۔’
انھوں نے بتایا،’آئی پی سی کی دفعہ 307 اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی دفعہ کے تحت دو لوگوں مہیش ٹھاکور اور شنکر ٹھاکور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ہم نے ڈھابے کے مالک مہیش کو گرفتار کر لیا ہے اور دوسرےملزم کو جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔’
TW: Abusive words and violence
I will declare a Gujarat Bandh if the police does not arrest the perpetrators in 24 hours who attempted lynching of two Dalit youth in Ahmedabad yesterday night. Don't think Dalits are cowards: we believe in Constitution! pic.twitter.com/1Ge5Nw76Se
— Jignesh Mevani (@jigneshmevani80) November 4, 2019
اس واقعہ پر از خود نوٹس لیتے ہوئے وڈگام سے ایم ایل اے جگنیش میوانی نے کہا،’اگر اس حملے میں شامل سبھی ملزمین کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار نہیں کیا جاتا تو احمد آباد میں دلت کارکن بند کی اپیل کریں گے۔’
میوانی نے کہا،’ہم گجرات میں ماب لنچنگ کی روایت کو پنپنے نہیں دیں گے۔ گزشتہ 6 مہینوں میں ریاست میں 12 سے 13 دلتوں کا قتل ہوا ہے اور نہ ہی ریاست کے وزیر داخلہ اور نہ ہی ڈی جی پی نے ان واقعات کی مذمت کی ہے۔ اگر 24 گھنٹوں کے اندر مجرموں کو نہیں پکرا جاتا تو ہم احمد آباد میں بند بلائیں گے۔’