
نیویارک سٹی کے میئر کے عہدےکے ڈیموکریٹک امیدوار ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے گرفتاری اور ملک بدری کی دھمکی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ممدانی نے کہا کہ وہ امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ کو خوف و ہراس پھیلانے سے روکیں گے اور ٹرمپ کی دھمکیوں کے باوجود پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ظہران ممدانی اور ڈونالڈ ٹرمپ (فوٹو: سوشل میڈیا)
نئی دہلی: نیویارک سٹی کے میئر کے عہدے کے لیے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار ظہران ممدانی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو کرارا جواب دیا ہے۔ ٹرمپ نے انہیں گرفتار کرنے اور ملک سے ڈی پورٹ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے بعد ممدانی نے کہا کہ اگر وہ میئر منتخب ہوئے توآئی سی ای (امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ) کو غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کرنے سے روکیں گے۔
اس کے جواب میں ٹرمپ نے ممدانی کی شہریت پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ وہ انہیں گرفتار کروا دیں گے۔
Trump falsely suggests @ZohranKMamdani is in the country “illegally” calls him a communist (he’s a Dem socialist) and then then goes on to call @ericadamsfornyc a “very good person” who he “helped out a little bit.” pic.twitter.com/7tOoULgPek
— Gloria Pazmino (@GloriaPazmino) July 1, 2025
ظہران ممدانی مشہور ہندوستانی فلمساز میرا نائر کے بیٹے ہیں۔ وہ 1998 میں سات سال کی عمر میں یوگانڈا سے امریکہ آئے تھے۔
ٹرمپ کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئےممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا؛
ریاستہائے متحدہ کے صدر نے مجھے گرفتار کرنے، میری شہریت چھیننے، مجھے حراستی مرکز میں ڈالنے اور ملک بدر کرنے کی دھمکی دی ہے۔ صرف اس لیے نہیں کہ میں نے کوئی قانون توڑا ہے، بلکہ اس لیے کہ میں آئی سی ای کو ہمارے شہر میں ڈرپھیلانے کی اجازت نہیں دوں گا۔
انہوں نے مزید کہا؛
ان کے بیانات صرف ہماری جمہوریت پر حملہ نہیں ہیں، بلکہ نیویارک کے ہر شہری کو یہ پیغام دینے کی کوشش ہے جو ڈر کر چھپنا نہیں چاہتے: اگر آپ بولیں گے تو وہ آپ کے پیچھے آئیں گے۔ ہم ڈرانے کی اس کوشش کو قبول نہیں کریں گے۔
ممدانی نے نیویارک کے موجودہ میئر ایرک ایڈمز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان پر الزام لگایا کہ وہ ٹرمپ جیسی ‘تفرقہ، گمراہ کن اور نفرت انگیز سیاست’ پر عمل پیرا ہیں۔
ممدانی نے لکھا، ‘نیویارک کے ووٹرز نومبر میں اس کا زوردار جواب دیں گے۔’
My statement on Donald Trump’s threat to deport me and his praise for Eric Adams, who the President “helped out” of legal accountability. https://t.co/m7pNcT2DFS pic.twitter.com/UcYakMx4lI
— Zohran Kwame Mamdani (@ZohranKMamdani) July 1, 2025
ایرک ایڈمز نومبر میں آزاد امیدوار کے طور پر دوبارہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ دوسری جانب ممدانی نے ڈیموکریٹک پارٹی کے باضابطہ امیدوار کے طور پر نامزدگی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے نیویارک کے سابق گورنر اینڈریو کوومو کو شکست دی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے ممدانی کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ نے انہیں ‘کمیونسٹ’ اور ‘پاگل’ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر ممدانی میئر بنے تو انہیں ‘صحیح طریقے سے کام’ کرنا پڑے گا، ورنہ نیویارک کو ملنے والی وفاقی فنڈنگ روک دی جائے گی۔