عالمی خوشحالی رپورٹ: ہندوستان 143 ممالک میں 126 ویں نمبر پر؛ پاکستان، عراق اور فلسطین سے بھی پیچھے

فن لینڈ مسلسل ساتویں سال دنیا کے سب سے خوشحال ممالک میں سرفہرست ہے، جبکہ افغانستان فہرست میں سب سے نیچے ہے۔

فن لینڈ مسلسل ساتویں سال دنیا کے سب سے خوشحال ممالک میں سرفہرست ہے، جبکہ افغانستان فہرست میں سب سے نیچے ہے۔

(علامتی تصویر: pixabay)

(علامتی تصویر: pixabay)

نئی دہلی: عالمی خوشحالی رپورٹ 2024 میں ہندوستان 143 ممالک میں 126 ویں نمبر پر ہے ۔ اس عالمی خوشحالی انڈیکس کو اقوام متحدہ کے خوشی کے عالمی دن کے موقع پر بدھ (20 مارچ) کو جاری کیا گیا تھا۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، یہ رپورٹ گیلپ، آکسفورڈ ویل بیئنگ ریسرچ سینٹر، یو این سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ سولویشنز نیٹ ورک اور ڈبلیو ایچ آر کے ایڈیٹوریل بورڈ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں خوشحالی کی سطح پاکستان، لیبیا، عراق، فلسطین اور نائجر سے بھی کم ہے۔

فن لینڈ مسلسل ساتویں سال دنیا کے سب سے خوشحال ممالک کی فہرست میں سرفہرست ہے۔ ٹاپ ٹین میں شامل دیگر ممالک ڈنمارک، آئس لینڈ، سویڈن، اسرائیل، نیدرلینڈز، ناروے، لکسمبرگ، سوئٹزرلینڈ اور آسٹریلیا ہیں۔ افغانستان فہرست میں سب سے نیچے ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں طویل عمر زندگی کے اطمینان سے متعلق ہے، جو ان دعوؤں کی تردید کرتا ہے کہ عمر اور اطمینان بخش زندگی کے درمیان مثبت تعلق صرف زیادہ آمدنی والے ممالک میں موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں اوسطاً سن رسیدہ  مرد سن رسیدہ خواتین کے مقابلے زندگی سے زیادہ مطمئن ہیں، ‘لیکن جب دیگر تمام پیرامیٹرز کو مدنظر رکھا جائے تو بزرگ خواتین، بزرگ مردوں کے مقابلے زندگی سے زیادہ مطمئن ہیں۔’

اس تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ہندوستان میں ثانوی یا اعلیٰ تعلیم کے حامل بزرگ اشخاص اور اعلیٰ ذات کے لوگ، رسمی تعلیم نہ رکھنے والوں اور درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لوگوں کے مقابلے زندگی سے زیادہ مطمئن ہیں۔

پی ٹی آئی کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا، ‘ہندوستان کی بزرگ آبادی تعداد کے لحاظ سے چین کے بعد دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، جس میں 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 14 کروڑ ہندوستانی شامل ہیں۔ چین میں یہ تعداد 25 کروڑ ہے۔ مزید برآں، 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے ہندوستانیوں کی اوسط شرح نمو ملک کی مجموعی آبادی میں اضافے کی شرح سے تین گنا زیادہ ہے۔’