اقوام متحدہ کی عالمی خوشحالی رپورٹ 2021 میں لگاتار چوتھے سال فن لینڈ کو دنیا کا سب سے خوشحال ملک مانا گیا ہے۔ اس سال کی رپورٹ میں کووڈ 19 اور لوگوں پر پڑنے والے اس کے اثرات پر توجہ مرکوزکی گئی ہے۔سال 2019 میں ہندوستان 140ویں پائیدان پر تھا۔
نئی دہلی: اقوام متحدہ کی جانب سےجمعہ کو جاری عالمی خوشحالی رپورٹ2021 میں ہندوستان کو 149ممالک کی فہرست میں 139واں مقام ملا ہے، جبکہ فن لینڈ ٹاپ پر ہے۔یہ رپورٹ اقوام متحدہ کے ایک ادارے ایس ڈی ایس این کی جانب سے جاری کی گئی ہے اور اس میں کووڈ 19اور لوگوں پر پڑنے والے اس کے اثرات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کو عالمی خوشحالی انڈیکس میں139واں مقام ملا ہے جبکہ سال 2019 میں ہندوستان 140ویں پائیدان پر تھا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ، ‘ہندوستان سےنمونے لینے کے لیے لوگوں سے آمنے سامنے اور فون پر بات کی گئی۔ حالانکہ فون کے مقابلے آمنے سامنے بیٹھ کر جواب دینے والوں کی تعداد کم تھی۔’
فن لینڈ دنیا کے خوشحال ممالک کی فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ یہ لگاتار چوتھا سال ہے جب یہ ملک ٹاپ پر ہے۔ اس کے بعد آئس لینڈ، ڈنمارک، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ، سویڈن، جرمنی اور ناروے کا نمبر ہے۔رپورٹ کے مطابق انڈیکس میں پاکستان 105ویں پائیدان پر ہے جبکہ بنگلہ دیش اور چین بالترتیب101ویں اور 84ویں مقام پر ہیں۔
مسلسل جنگ کی حالت میں رہنے والے افغانستان کے لوگ اپنی زندگی سے سب سے زیادہ غمزدہ ہیں۔ اس کے بعد زمبابوے (148ویں)، روانڈا (147ویں)، بوتسوانا (146) اور لیسوتھو کا (145واں)مقام ہے۔ اس انڈیکس میں امریکہ کو 19واں مقام ملا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ،ہندوستان کو عالمی خوشحالی رپورٹ میں 139واں مقام کورونا وائرس کی وجہ سے تھوڑا الگ طریقے سے ملا ہے۔اقوام متحدہ کے ادارے ایس ڈی ایس این کی جانب سے جاری سالانہ رپورٹ تین اہم اشارے زندگی کا تجزیہ ،مثبت جذبات اور منفی جذبات پر بھروسہ کرکے شخصی بہبود کی پیمائش کی گئی ہے۔
رپورٹ کو جی ڈی پی، سماجی تعاون ، شخصی آزادی اور ہر ملک میں بدعنوانی کی سطح جیسےعوامل کو دھیان میں رکھتے ہوئے خوشی کی سطح کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔ لیکن اس سال مصنفین کے سامنے رپورٹ تیار کرنے میں ایک نیا چیلنج درپیش تھا دنیا بھر کے ممالک میں چل رہے کووڈ 19اور اس کےتباہ کن اثرات ۔
مصنف جیفری سیس نے کہا، ‘وبا ہمیں عالمی ماحولیات کے خطرات، تعاون کی اشد ضرورت اور ہر ملک اورعالمی سطح پر تعاون حاصل کرنے کی مشکلات کی یاد دلاتی ہے۔ عالمی خوشحالی رپورٹ 2021 ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہمیں صرف پیسہ کے بجائے بھلائی کے لیےہدف رکھنا چاہیے۔ اگرہم پائیدار ترقی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے بہتر کام نہیں کرتے ہیں تو یہ قلیل مدتی ہوگا۔’
معلوم ہو کہ سال 2020 کےعالمی خوشحالی رپورٹ میں ہندوستان144ویں مقام پر رہا تھا، جو 2019 کے مقابلے چار پائیدان نیچے تھا۔ پچھلے سال اس معاملے میں ہندوستان اپنے پڑوسی ممالک نیپال (15)، پاکستان (29)،بنگلہ دیش (107) اور سری لنکا (130) سے بھی پیچھے رہ گیا تھا۔
سال 2019 کی خوشحالی رپورٹ میں بھی ہندوستان کو پاکستان اور بنگلہ دیش سمیت اپنے دیگر پڑوسی ممالک سے بھی نیچےجگہ ملی تھی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)