سابق مرکزی وزیر اوربی جے پی رہنما سوامی چنمیانند پر ریپ کا الزام لگانے کے بعد23 سالہ قانون کی اسٹوڈنٹ کو اسپیشل جانچ ٹیم نے 25 ستمبر کو بلیک میل کرنے اور پانچ کروڑ کی رنگداری مانگنے کےالزام میں گرفتارکر لیا تھا۔ ابھی وہ جیل میں ہے۔
نئی دہلی:سابق مرکزی وزیر اوربی جے پی رہنما سوامی چنمیانند پر ریپ کا الزام لگانے والی اور ان سے پانچ کروڑ روپے کی رنگداری مانگنے کی ملزم اسٹوڈنٹ کو منگل کو کالج انتظامیہ نے امتحان میں بیٹھنے سے روک دیا۔وہ صبح شاہجہاں پور جیل سے امتحان دینے بریلی کے روہیل کھنڈ یونیور سٹی گئی تھی۔سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند کے معاملے میں رنگداری مانگنے کی ملزم اسٹوڈنٹ گزشتہ سوموار کو ایل ایل ایم فرسٹ سیمسٹرکے بیک پیپر کاامتحان دینے گئی تھی۔
سوموار کو متاثرہ کو ایم جےپی روہیل کھنڈ یونیورسٹی کی جانب سے ایل ایل ایم تھرڈسیمسٹرکے امتحان کا ایڈمٹ کارڈ نہیں دیا گیا تھا، کیونکہ متاثرہ خاتو ن کی اس سیمسٹر میں 75 فیصدی حاضری نہیں تھی۔ جیلر راجیش کمار رائے نے بتایا کہ اسٹوڈنٹ کو پولیس کی حفاظت میں منگل کی صبح بریلی میں ایل ایل ایم تھرڈ سیمسٹر کے اگزام میں شامل ہونے کے لیے بھیجا گیا۔
ایم جے پی روہیل کھنڈ یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے صدر امت سنگھ نے بتایا کہ چنمیانند معاملے میں شاہجہاں پور کی جیل میں بنداسٹوڈنٹ آج تھرڈ سیمسٹر کا اگزام دینے آئی تھی،لیکن اس کے پاس ایڈمٹ کارڈ نہیں تھا کیونکہ اس کی حاضری 75 فیصد نہیں ہونے کی وجہ سے اس کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہیں کیا گیا تھا۔امت سنگھ نے بتایا کہ عدالت کی طرف سے بھی ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا تھا، جس میں 75 فیصدی حاضری نہیں ہونے کے بعد بھی اس کو اگزام میں بیٹھنے دینے کی بات ہو۔ اسی طرح کاخط اس کو لے کر آئی پولیس ٹیم کو دے دیا گیا ہے اورخط کے توسط سے ہی جیل انتظامیہ کو بھی جانکاری دے دی گئی۔
غور طلب ہے کہ رنگداری مانگنے کے معاملے میں پچھلے 25 ستمبر سے جیل میں بند اسی اسٹوڈنٹ نے چنمیانند پر ریپ کا الزام لگایا تھا اس معاملے میں چنمیانند کو گزشتہ20 ستمبر کو گرفتار کر جیل بھیجا گیا تھا۔ اس کے بعد ایس آئی ٹی نے بتایا تھا کہ سوامی چنمیانند نے
خود پر لگے لگ بھگ سبھی الزام قبول کر لیے ہیں۔گزشتہ اگست مہینے میں چنمیانند پرریپ کا الزام لگانے کے بعد اسٹوڈنٹ مبینہ طور پرلاپتہ ہو گئی تھی۔ کافی تلاش کے بعد پولیس کو وہ راجستھان میں ملی تھی۔
اس کے بعد سپریم کورٹ کی ہدایت پر اس کو دہلی میں عدالت عالیہ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔عدالت نےایس آئی ٹی کو معاملے کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ معاملے میں متاثرہ کے والد کی شکایت پر کوتوالی شاہجہاں پور میں اغوا اور جان سے مارنے کی دفعات میں چنمیانند کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا تھا، لیکن اس سے ایک دن پہلے سوامی چنمیانند کے وکیل اوم سنگھ نے متاثرہ اور اس کے کچھ ساتھیوں کے خلاف پانچ کروڑ روپے رنگداری مانگنے کا بھی مقدمہ درج کرا دیا تھا۔
اس کے بعد23 سالہ قانون کی اسٹوڈنٹ کو ایس آئی ٹی نے 25 ستمبر کو بلیک میل کرنے اور پانچ کروڑ کی رنگداری مانگنے کے الزام میں گرفتارکر لیا تھا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)