اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے 89 سالہ والد آنند سنگھ بشٹ کی طبیعت کافی وقت سے خراب تھی اور دہلی کے ایمس میں ان کا علاج چل رہا تھا۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے والدآنند سنگھ بشٹ کا سوموار کی صبح کو انتقال ہو گیا۔آدتیہ ناتھ کے والد کی طبیعت کافی وقت سے خراب تھی اور دہلی کے ایمس میں ان کا علاج چل رہا تھا۔ہندستان ٹائمس کے مطابق، ڈاکٹر نے بتایا کہ 89 سالہ بشٹ کا انتقال ملٹی آرگن فیل ہونے کی وجہ سے ہوا۔
اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سینئرڈاکٹر نے کہا کہ انہیں کئی بیماریاں تھیں۔ ان کی کڈنی اور لیور امید کے مطابق کام نہیں کر رہے تھے۔ وہ شدید طور پرلو بلڈ پریشر، ڈی ہائیڈریشن اور شدید انفیکشن سے بھی متاثرتھے۔وہ ڈائیلیسس اور دوسرے لائف سپورٹ پر تھے اور ان کا ماہرین کی ایک ٹیم کے ذریعے علاج کیا جا رہا تھا۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ)اونیش اوستھی نے بتایا کہ آنند سنگھ بشٹ نے سوموار کو 10 بج کر 44 منٹ پر آخری سانس لی۔وزیر اعلیٰ کو رونا وائرس بحران پر حکام کے ساتھ میٹنگ میں تھے جب انہیں والد کے انتقال کی خبرملی لیکن انہوں نے کور ٹیم کے حکام ساتھ میٹنگ جاری رکھی۔
اتر پردیش کے انفارمیشن ڈائریکٹر ششر نے بتایا،آج صبح 10 بجے سے وزیر اعلیٰ کی صدارت میں کووڈ 19 کے کور گروپ کے حکام کی بیٹھک ہو رہی تھی، اسی بیچ انہیں خبر ملی کہ ان کے والد کا انتقال ہو گیا لیکن اس کے بعد بھی وہ میٹنگ کرتے رہے اور حکام کو ضروری احکامات دینے کے بعد ہی میٹنگ سے اٹھے۔”
والد کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ وہ لاک ڈاؤن پر عمل کرنے اور ریاست میں کو رونا وائرس کو ہرانے کے لیے کل ہونے والے آخری رسومات کی ادائیگی میں حصہ نہیں لیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے اپنی ماں اور دوسروں سے اپیل کی کہ وہ کم سے کم تعداد میں آخری رسومات کی ادائیگی میں حصہ لیں۔
Uttar Pradesh Chief Minister Yogi Adityanath says he will not take part in the last rites of his father tomorrow, to ensure enforcement of lockdown and to defeat coronavirus pandemic in the state. pic.twitter.com/PPjy9xxLgB
— ANI UP (@ANINewsUP) April 20, 2020
اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے وزیر اعلیٰ کے والدکے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)