ایم ایل اے کلدیپ سینگر کو تہاڑ جیل منتقل کرنے کا حکم دہلی کی عدالت نے دیا ہے۔ اس سے پہلے جان کا خطرہ بتانے پر گزشتہ 2 اگست کو سپریم کورٹ نے رائےبریلی جیل میں بند متاثرہ کے چچا کو تہاڑ جیل شفٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔
کلدیپ سینگر (فوٹو : پی ٹی آئی)
نئی دہلی:دہلی کی ایک عدالت نے اناؤ ریپ کیس معاملے کے ملزم ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کو اتر پردیش کی سیتاپور جیل سے دہلی کی تہاڑ جیل منتقل کرنے کی ہدایت دی۔سیشن جج دھرمیش شرما نے گینگ ریپ کے معاملے میں الزام طے کرنے کو لےکر دلیلوں کے لئے سات اگست کی تاریخ طے کی ہے۔ یہ دہلی کی عدالت میں منتقل کئے گئے چار معاملوں میں سے ایک ہے۔
جج کے حکم پر سینگر اور معاون ملزم ششی سنگھ کو ایم ایل اے کی رہائش گاہ پر نابالغ لڑکی کے ساتھ 2017 میں ہوئے ریپ کے معاملے میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے سنگھ کو بھی تہاڑ جیل منتقل کرنے کی ہدایت دی ہے۔کچھ ہی دن پہلے رائےبریلی میں ایک کار اور ٹرک کی ٹکر میں ریپ کی متاثرہ اور اس کے وکیل کے شدیدطور پر زخمی ہونے کے بعد سینگر اور نو دیگر لوگوں کے خلاف سی بی آئی نے قتل کا معاملہ درج کیا تھا۔
حادثے میں متاثرہ کی دو خاتون رشتہ داروں کی موت ہو گئی تھی۔ اس کی فیملی نے اس میں سازش کا الزام لگایا ہے۔ سپریم کورٹ نے معاملے کی روز سماعت کرنے اور اس کو 45 دن کے اندر پورا کرنے کی ہدایت دی تھی۔کلیدی معاملے کے علاوہ
تین دیگر معاملوں کو بھی قومی راجدھانی کی عدالت میں منتقل کیا گیا ہے۔ یہ معاملے متاثرہ کے والد کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت درج کرنے، حراست میں ان کی موت اور متاثرہ کے ساتھ گینگ ریپ کے ہیں۔
اس سے پہلے، گزشتہ 2 اگست کو سپریم کورٹ نے رائے بریلی جیل میں بند متاثرہ کے
چچا کو تہاڑ جیل شفٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ معلوم ہو کہ متاثرہ کےچاچا نے رائے بریلی میں جان کا خطرہ بتاتے ہوئے دہلی کے تہاڑ جیل میں بھیجنے کی مانگ کی تھی۔اناؤ ریپ متاثرہ کے ساتھ گزشتہ 28 جولائی کو اتر پردیش کے رائے بریلی میں ہوئے حادثے کی تفتیش کے لئے سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو ایک ہفتہ کا وقت دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی معاملے میں چارج شیٹ 15 دن میں داخل کرنے کا وقت دیا ہے۔
سپریم کورٹ کی بنچ نے واضح کیا کہ جانچ بیورو غیر معمولی حالات میں ہی اس حادثہ کی تفتیش پوری کرنے کی مدت سات دن اور بڑھانے کی درخواست کر سکتا ہے۔سپریم کورٹ نے رائےبریلی کے قریب ہوئے سڑک حادثہ میں زخمی ریپ متاثرہ کو عبوری معاوضہ کے طور پر 25 لاکھ روپے دینے کا بھی حکم اترپردیش حکومت کو دیا تھا۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے حادثہ میں زخمی ہونے والے متاثرہ کے وکیل کو بھی 20 لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا حکم دیا تھا۔
اس سے پہلے سوموار کو سپریم کورٹ نے اناؤ ریپ کیس کی متاثرہ کو
دہلی کے ایمس میں شفٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے متاثرہ کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے یہ حکم دیا تھا۔ سڑک حادثے میں بری طرح سے زخمی متاثرہ کا لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل ہاسپٹل (کے جی ایم یو) کے ٹراما سینٹر میں گزشتہ آٹھ دن سے علاج چل رہا ہے۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)