تریپورہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر وجئےکمار لکشمی کانت راو دھارورکر کا کہنا ہے کہ اے بی وی پی ایک سماجی اور ثقافتی تنظیم ہے اور یہ کسی بھی پارٹی سے جڑی ہوئی نہیں ہے۔
نئی دہلی: تریپورہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر وجئےکمار لکشمی کانت راو دھارورکر نے ایک پروگرام کے دوران کیمپس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی استوڈنٹ یونین اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کا جھنڈاپھہرایا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، انہوں نے کہا کہ اے بی وی پی ایک سماجی اور ثقافتی تنظیم ہے اور کسی بھی پارٹی سے جڑی ہوئی نہیں ہے۔ یہ پروگرام 10 جولائی کو کیمپس میں ہوا تھا۔
دھارورکر نے کہا کہ سوامی وویک آنند کی شکاگو میں کی گئی تقریر کی 125ویں سالگرہ کے موقع پر اے بی وی پی نے یہ پروگرام منعقد کیا تھا۔انہوں نے کہا، ‘ میں پروگرام میں گیا تھا کیونکہ مجھے مدعو کیا گیا تھا اور میں کیوں نہیں جاتا؟ جس تنظیم کی آپ بات کر رہے ہیں، وہ ملک مخالف اور دہشت گرد تنظیم نہیں ہے۔ یہ سماجی اور ثقافتی تنظیم ہے، جو جن سنگھ کے آنے سے بہت پہلے ہی وجود میں آ گئی تھی۔ یہ کسی پارٹی سے جڑی ہوئی نہیں ہے۔ ‘
اے بی وی پی کا جھنڈا پھہرانے کے سوال پر دھارورکر نے کہا، ‘ وہاں پر تقریر ہوئی تھی اور پودا بھی لگایا گیا تھا۔ یہ پروگرام سوامی وویک آنند کی شکاگو میں کی گئی تقریر سے جڑا ہواتھا۔ ‘دھارورکر (65) نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے وہ ملک بھر کی ہزاروں تنظیموں سے جڑے ہوئے ہیں اور ان کو وائس چانسلر ہونے کے ناطے اے بی وی پی کے پروگرام میں شرکت کرنے میں کچھ غلط نظر نہیں آتا۔
یہ پوچھنے پر کہ کیا وہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (ایس ایف آئی) جیسی اسٹوڈنٹ یونین کا بھی جھنڈا پھہراتے۔ اس پر دھارورکر نے کہا، ‘ میں چین اور روس کا اسکالر ہوں۔ میں کارل مارکس اور ماؤ زے تنگ کے خیالات کو جانتا ہوں۔ میں بہت ہی کھلے خیالات کا آدمی ہوں اور سبھی اسٹوڈنٹس تنظیموں کی حمایت کرتا ہوں۔ ‘
تریپورہ یونیورسٹی ایک سینٹرل یونیورسٹی ہے۔ اس یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے عہدے پر تقرری سے پہلے دھارورکر اورنگ آباد میں ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھ واڑہ یونیورسٹی میں ماس کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ تھے۔