پرگیہ ٹھاکر منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر ہوئے پروگرام میں اپنے پارلیامانی حلقہ سیہور ضلع میں پہنچی تھیں۔اس دوران انہوں نے ٹی وی رپورٹرس کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ،کوئی بھی ایماندار نہیں ہے۔
مالیگاؤں بم بلاسٹ کی ملزم اور بھوپال سے بی جے پی کی لوک سبھا امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر (فوٹو : پی ٹی آئی)
نئی دہلی: مدھہ پردیش کے سیہور ضلع میں مقامی صحافیوں کے ایک گروپ نے بدھ کو بھوپال سے بی جے پی ایم پی پرگیہ ٹھاکر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ بی جے پی ایم پی نے حال ہی میں کہا تھا کہ ضلع کے سارے میڈیا اہلکار بے ایمان ہیں ۔ دراصل پرگیہ ٹھاکر منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر منعقد ایک پروگرام میں حصہ لینے اپنے پارلیامانی حلقہ کے تحت آنے والے سیہور ضلع میں پہنچی تھیں۔اس دوران انہوں نے ٹی وی رپورٹرس کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ،ْ کوئی ایماندار نہیں ہےٗ۔ اسی بیچ ان کے ایک ساتھی نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ،ْ دیدی کیمرے آن ہیں۔ٗ اس کے باوجود انہوں نے اپنا بیان جاری رکھتے ہوئے کہا ،ْ میں بول رہی ہوں تم سنو اپنی تعریف ۔سیہور ضلع کے سبھی میڈیا اہلکار بے ایمان ہیں۔ٗ
سیہور میں انڈین جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے سکریٹری رگھووردیال گوہیا نے کہا،ْ ہم نے شکایت میں کہاہے کہ انہیں اپنے الزاموں کو ثابت کرنا چاہئے ورنہ ان کے خلاف شکایت درج کی جانی چاہئے۔ٗ اسی بیچ صحافیوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ اپنے الزامات کو ثابت نہیں کرتی تو صحافی ان کا بائیکاٹ کریں گے۔
واضح ہو کہ بی جے پی ایم پی پہلے بھی متنازیہ بیان دے چکی ہیں۔انہوں نے
مہاتما گاندھی کے قاتل کو دیش بھکت بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ،ْ گوڈسے دیش بھکت تھے،ہیں اور رہیں گے۔ان کو دہشت گرد کہنے والوں کو خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے ۔ایسا بولنے والوں کو اس انتخاب میں جواب دیا جائے گا۔ٗ ایک دیگر بیان میں انہوں کہا تھا کہ ایودھیا میں بابری مسجد کے ڈھانچہ کو توڑنے کا انہیں فخرہے۔ انہوں نےکہا تھا،ْ میں خود ڈھانچہ گرانے گئی تھی۔ مجھے بھگوان نے طاقت دی تھی۔ہم نے ملک کا کلنک مٹایا ہے۔
حال ہی میں ایک بیان میں انھوں نے کہاتھا کہ نالی صاف کرنے کے لئے پارلیامنٹ نہیں بنی ہے۔ ٹوائلٹ صاف کروانے کے لئے ایم پی نہیں بنائے گئے ہیں۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)