پولیس نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے بیجا پور میں نکسلیوں نے سماجوادی پارٹی کے رہنما سنتوش پونیم کو منگل کی شام کو اغوا کر لیا تھا، بدھ کو ان کی لاش برآمد کی گئی۔
نئی دہلی:چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں نکسلیوں نے سماجوادی پارٹی کے ایک رہنما کو اغوا کر ان کا قتل کر دیا۔بیجا پور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دویانگ پٹیل نے بدھ کو بتایا کہ ضلع کے المڈی پولیس تھانہ حلقہ کے مری ملا گاؤں کے ایک زیر تعمیر مقام سے منگل کی دیر شام کو نکسلیوں نے ایس پی رہنما سنتوش پونیم کو اغوا کر لیا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ پونیم علاقے میں ٹھیکے داری کا کام بھی کرتے تھے۔ وہ سڑک سے متعلق کچھ کاموں کا جائزہ لینے کے لیے جائے واردات پر گئے تھے،جہاں سے ان کو اغوا کیا گیا اور بدھ کی صبح ان کی لاش ملنے کی خبر ملی۔انھوں نے بتایا کہ کچھ مقامی لوگوں نے بدھ کو مری ملا کی پہاڑیوں پر ان کی خون سے سنی ہوئی لاش دیکھی اور پولیس کو اس کی اطلاع دی،جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات کے لیے روانہ ہو گئی۔
پولیس افسروں نے بتایا کہ پولیس ٹیم جائے واردات سے لاش لے کر روانہ ہو گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سال 2018 میں ہوئے اسمبلی الیکشن میں پونیم نے بیجاپور اسمبلی سیٹ سے سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)