تعلیم اور خوشحالی کی وجہ سے بڑھ رہے ہیں طلاق کے معاملے: موہن بھاگوت

آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان میں ہندو سماج کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

آر ایس ایس چیف  موہن بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان میں ہندو سماج کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

موہن بھاگوت(فوٹو : پی ٹی آئی)

موہن بھاگوت(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت کا کہنا ہے کہ آج کل طلاق کے زیادہ معاملے تعلیم یافتہ  اور خوشحال گھرانوں  میں سامنے آ رہے ہیں کیونکہ تعلیم  اور خوشحالی غرور پیدا کر رہا ہے جس کے نتیجہ میں فیملی ٹوٹ رہی ہے۔رشتہ داروں  کے ساتھ پروگرام  میں آئے آر ایس ایس کارکنوں  کو خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ ہندوستان میں ہندو سماج کا کوئی  نعم البدل نہیں ہے اور ہندو سماج کے پاس ایک فیملی کی طرح سلوک  کرنے کے علاوہ کوئی راستہ  نہیں ہے۔

بھاگوت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے آر ایس ایس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا، ‘موجودہ وقت میں طلاق کے معاملے بہت بڑھ گئے ہیں۔ لوگ بے معنی مدعوں پر لڑ رہے ہیں۔ طلاق کے معاملے تعلیم یافتہ  اورخوشحال گھروں  میں زیادہ  ہیں کیونکہ تعلیم اور خوشحالی سے غرور آتا ہے جس کے نتیجہ  میں فیملی ٹوٹ رہی ہے۔ اس سے سماج بھی   منقسم ہوتا ہے کیونکہ سماج بھی ایک فیملی ہے۔’

سنگھ چیف نے کہا، ‘ہم امید کرتے ہیں کہ سویم سیوک  اپنی فیملی کے ممبروں کو سنگھ کی سرگرمی کے بارے میں بتائیں گے کیونکہ کئی بار فیملی  کی خاتون ممبر کو ہم سے زیادہ  مشکل کام کرنا پڑتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہم جو کام کر رہے ہیں وہ کر سکیں۔’انہوں نے کہا کہ خواتین  کو گھر تک ہی محدود  کرنے کا نتیجہ موجودہ سماج ہے جو ہم دیکھ رہے ہیں۔

بھاگوت نے کہا، ‘سماج کی ایسی حالت اس لئے ہے کہ ہم پچھلے 2000 سال سے روایات  پر عمل کر رہے ہیں۔ ہم نے خواتین  کو گھر تک محدود  کر دیا۔ یہ حالات  2000 سال پہلے نہیں تھے۔ وہ ہمارے سماج کا سنہری دور تھا۔’

انہوں نے کہا، ‘ہندو سماج کو مہذب اور متحد ہونا چاہیے اور جب میں سماج کی بات کرتا ہوں تو وہ صرف مردوں  کے لیے نہیں ہے۔ سماج وہ ہے جسے اپنی پہچان وراثت سے جڑے رہنے کےاحساسات  سے ملتی ہے۔’بھاگوت نے کہا، ‘میں ہندو ہوں، میں سبھی مذاہب کے مقدس مقامات  کا احترام  کرتا ہوں لیکن میں اپنے مذہبی مقامات  کے لیے حساس ہوں۔ مجھے میری تہذیب میرے گھر سے ملی ہے اور وہ ممتا کی قوت ہے جسے ہمیں سکھایا گیا ہے۔’

بھاگوت نے کہا، ‘فیملی اور عورت کے بنا سماج نہیں ہو سکتا، جو آدھے سماج کی نمائندگی  کرتی ہیں اور انہیں تعلیم یافتہ ہونا چاہیے لیکن سماج کی ہم فکر نہیں کریں گے تو نہ تو ہم بچ سکیں گے اور نہ ہی فیملی  کو بچا سکیں گے۔’موہن بھاگوت کے اس بیان کی اداکارہ  سونم کپور آہوجہ نے ٹوئٹ کر تنقید  کی ہے۔

سونم نے ٹوئٹ کر کہا، ‘کون سا سمجھدار آدمی اس طرح بولتا ہے؟ بے وقوفی سے بھرا بیان۔’

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)