آر بی آئی نے ستمبر میں پی ایم سی کے اکاؤنٹ ہولڈر پر نقد نکاسی کے لئے 6 مہینے کی پابندی لگائی تھی۔ تب گراہکوں کو کھاتے سے چھے مہینے میں محض 1000 روپے تک کی نکاسی کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے بعد سے آر بی آئی کئی بار حد بڑھا چکا ہے۔
نئی دہلی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے گھوٹالے سے جوجھ رہے پنجاب اینڈ مہاراشٹر کو-آپریٹو (پی ایم سی) بینک کے گراہکوں کو نقد نکاسی کے معاملے میں کچھ اور راحت دی ہے۔ سینٹرل بینک نے کہا ہے کہ پی ایم سی بینک کے اکاؤنٹ ہولڈر اب اپنے کھاتے سے 50000 روپے کی نکاسی کر سکیںگے۔ پہلے یہ حد 40000 روپے تھی۔
سینٹرل بینک نے ستمبر میں پی ایم سی کے اکاؤنٹ ہولڈر پر نقد نکاسی کے لئے چھے مہینے کی پابندی لگائی تھی۔ تب گراہکوں کو کھاتے سے چھے مہینے میں محض 1000 روپے تک کی نکاسی کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے بعد سے آر بی آئی کئی بار حد بڑھا چکی ہے۔ بینک کے اکاؤنٹ ہولڈر اب چھے مہینے میں ایک بار میں یا پھر قسطوں میں 50000 روپے تک کی نکاسی کر سکتے ہیں۔
یہ چوتھی بار ہے جب ریزرو بینک نے پی ایم سی کے گراہکوں کے لئے فی کھاتا نکاسی کی حد بڑھائی ہے۔ سینٹرل بینک نے کئی مالی بے ضابطگیاں سامنے آنے کے بعد 23 ستمبر کو پی ایم سی بینک پر کئی طرح کی پابندیاں لگائی تھیں۔ اسی وقت فی گراہک صرف 1000 روپے نکاسی کی حد طے کی گئی تھی۔ سینٹرل بینک کے اس فیصلے کی کافی تنقید ہوئی۔ ریزرو بینک نے پچھلے مہینے نقد نکاسی کی حد کو بڑھاکر 40000 کر دیا تھا۔
سینٹرل بینک نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ بینک کی نقدی صورت حال کا تجزیہ کرنےکے بعد نکاسی کی حد کو اور بڑھاکر 50000 روپے تک کیا جا رہا ہے۔ اس میں پہلے کے 40000 روپے بھی شامل ہیں۔ نکاسی کی حد میں کیے گئے اس اضافہ کے بعد بینک کے 78 فیصد سے زیادہ اکاؤنٹ ہولڈر اپنے کھاتے سے پوری رقم نکال سکیںگے۔
ریزرو بینک نے اکاؤنٹ پولڈر کو 50000 روپے کی طےشدہ حد میں بینک کے اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سے نکاسی عمل کو آسان بنانے میں مدد ملےگی۔ ریزرو بینک نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس کے مفادات کی حفاظت کے لئے آگے بھی ضروری قدم اٹھانا جاری رکھےگا۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)