یہ واقعہ متھرا کے آنیور گاؤں کا ہے، جہاں بدھ کو الٹی، دست اور پیٹ میں درد کی شکایت پر لوگوں کو گاؤں کے ہی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ بیمار ہوئے 100 سے زیادہ لوگوں میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔
نئی دہلی: اتر پردیش کے متھرا کے ایک گاؤں میں گزشتہ کچھ دنوں میں آلودہ پانی پینے سے 100 سے زیادہ لوگ بیمار ہو گئے ہیں، جن میں سے 50 بچے ہیں۔ وہیں، ایک ڈیڑھ سال کی بچی کی موت ہو گئی ہے۔ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ متھرا کے آنیور گاؤں کا ہے، جہاں بدھ کو الٹی، دست اور پیٹ میں درد کی شکایت پر لوگوں کو گاؤں کے ہی ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی پینے سے سبھی بیمار ہوئے ہیں۔ اس واقعہ کے سامنے آنے کے بعدمحکمہ صحت حرکت میں آ گیا ہے۔حالانکہ، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان مریضوں کے ہاسپٹل میں آنے کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ان کو ڈسچارج کر دیا ہے۔ کسی کی بھی حالت نازک نہیں ہے۔
چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر شیر سنگھ نے بتایا، ‘ گووردھن کے آنیور گاؤں میں ایک ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں کو الٹی،دست، پیٹ درد اور بخار ہونے کی جانکاری ہمیں ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ڈاکٹروں کی ایک اسپیشل ٹیم بناکر بھیج دی گئی۔ جس طرح کی حالت بتائی جا رہی ہے، اس سے لگتا ہے کہ آلودہ پانی پینے سے ایسا ہوا۔ ‘
انہوں نے مزید بتایا، ‘ ڈاکٹروں کی ٹیم گاؤں میں لگاتار کیمپ لگاکر تمام گاؤں والوں کی صحت کی جانچکر رہی ہے۔ بیماری کی وجوہات کا صحیح صحیح پتا لگانے کے لئے پانی کے نمونے لےکر جانچ کے لئے بھیجا گیا ہے۔ تقریباً ہر گھر سے کوئی نہ کوئی آدمی ڈائریا کا شکار ہے۔ ‘
کمیونٹی ہیلتھ سینٹر انچارج نے بتایا، ‘ ہم نے بدھ کو 60 مریضوں کی جانچ کی اور سبھی میں ایک جیسی ہی علامت تھی۔ تفصیلی جانچکے بعد سبھی کو دوائیاں دے دی گئی ہیں۔’گووردھن کے نائب کلکٹر ناگیندر پرتاپ نے بتایا، ‘ سبھی گاؤں والوں کے علاج کے ساتھ-ساتھ گاؤں میں صفائی مہم بھی چلائی جا رہی ہے اور آبی کارپوریشن کو پانی کی ٹنکی کی صفائی کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ ‘
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کےساتھ)