بجاج گروپ کے چیئر مین راہل بجاج نے اکانومکس ٹائمس کے ایک پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے کہا تھا کہ جب یو پی اے حکومت اقتدار میں تھی،تو ہم کسی کی بھی تنقید کر سکتے تھے۔ اب ہم اگر آپ کی کھلے طور پر تنقید کریں تو اتنا یقین نہیں ہے کہ آپ اس کو پسند کریں گے۔
وزیر دفاع نرملا سیتارمن (فائل فوٹو : پی ٹی آئی)
نئی دہلی: جانےمانے صنعت کار اور بجاج گروپ کے چیئرمین راہل بجاج نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں ڈر اور غیر یقینی صورت حال کا ماحول بنا دیا ہے، اس کی وجہ سے لوگ کھل کر اپنی بات نہیں رکھ پا رہے ہیں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، راہل بجاج نے سنیچر کو اکانومک ٹائمس کے ایک پروگرام میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈر کا ماحول ہے اور لوگ سرکار کی تنقید کرنے سے ڈرتے ہیں۔
راہل بجاج کے اس بیان پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ ایسے خیالات کی تشہیر سے قومی مفاد کو نقصان ہوتا ہے۔سیتارمن نے ٹوئٹ کر کہا،’وزیر داخلہ امت شاہ نے ان سوالوں کا جواب دے دیا ہے جن کو راہل بجاج نے اٹھایا ہے۔ سوال -تنقید سنی جاتی ہے اور اس کا حل نکالا جاتا ہے۔ اپنے خیالات کی تشہیر کرنے کے بجائے جواب پانے کا بہتر طریقہ تلاش کرنا چاہیے۔ ایسے خیالات کی تشہیر سے قومی مفاد کو نقصان پہنچتا ہے۔’
راہل بجاج نے سرکار کی تنقید کرنے کے لیے صنعت کاروں میں یقین کی کمی، ایم پی پر گیہ ٹھاکر کے ناتھورام گوڈسے کو لے کر دیے بیان پر مناسب کارروائی نہیں کرنے اور ماب لنچنگ کو لےکرتشویش کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا، ‘ہمارے صنعت کار دوستوں میں سے کوئی نہیں بولےگا، میں کھلے طور پر اس بات کو کہتا ہوں۔ ایک ماحول تیار کرنا ہوگا۔ جب یو پی اے 2 حکومت اقتدار میں تھی، تو ہم کسی کی بھی تنقید کر سکتے تھے۔ آپ اچھا کام کر رہے ہیں، اس کے بعد بھی، ہم آپ کی کھلے طور پر تنقید کریں اتنایقین نہیں ہے کہ آپ اس کو پسند کریں گے۔’
راہل بجاج نے پارلیامنٹ میں بی جے پی ایم پی پر گیہ ٹھاکر کے بیان پر ہوئے تنازعہ کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا، ‘انہوں نے (پر گیہ ٹھاکر) جب اسی طرح کا بیان پہلے بھی دیا تھا تو اس وقت وزیراعظم نے کہا تھا کہ ان کو معاف کرنا مشکل ہے لیکن اس کے بعد ان کو (پر گیہ ٹھاکر)پارلیامنٹ کی کمیٹی کا ممبر بنا دیا گیا۔’ بجاج نے ملک میں ماب لنچنگ کے بڑھ رہے واقعات پر بھی کہا، ‘ایک ماحول تیار کیا گیا ہے، عدم رواداری کی ہوا ہے۔ ہم ڈرتے ہیں، کچھ چیزوں کو ہم بولنا نہیں چاہتے ہیں پر دیکھتے ہیں کہ کوئی مجرم ہی نہیں ثابت ہوا ابھی تک۔’
راہل بجاج کے ان سوالوں پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جواب دیتے ہوئے کہا، ‘کسی کو بھی کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے اور جیسا آپ کہہ رہے ہیں کہ ڈر کا ایک ایسا ماحول بنا ہے تو ہمیں اس ماحول کو بہتر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ میں اتنا واضح طور پر کہنا چاہوں گا کہ کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی کوئی ڈرانا چاہتا ہے۔’ایم پی پر گیہ ٹھاکر کے بیان پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ انہوں نے اور راجناتھ سنگھ جیسے بی جے پی کے کچھ سینئر رہنماؤں نے فوری اثر سے پر گیہ ٹھاکر کے بیان کی مذمت کی تھی۔
امت شاہ نے کہا، ‘نہ ہی بی جے پی اور نہ ہی حکومت اس طرح کے بیانات کی حمایت کرتی ہے۔ ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔’وزیر داخلہ نے کہا کہ اس کو لے کر غلط فہمی تھی کہ کیا پر گیہ ٹھاکر کا مطلب ناتھورام گوڈسے سے تھا یا انقلابی ادھم سنگھ سے۔ انہوں نے (پر گیہ) ایوان میں اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔
امت شاہ نے ماب لنچنگ کے واقعات پر بھی کہا، ‘لنچنگ پہلے بھی ہوتی تھی، آج بھی ہوتی ہے۔ شاید آج پہلے سے کم ہی ہوتی ہے۔لیکن یہ بھی ٹھیک نہیں ہے کی کسی کو مجرم ثابت نہیں کیا گیا ہے۔ لنچنگ والے بہت سارے معاملے چلے ہیں اور ختم بھی ہو گئے، سزا بھی ہوئی ہے لیکن میڈیا میں شائع نہیں ہیں۔’
بتا دیں کہ اس دوران منچ پر وزیر خزانہ نرملا سیتارمن اور وزیر ریل پیوش گوئل بھی موجود تھے۔