این جی ٹی نے یہ ہدایت ایک رپورٹ کے حوالے سے دی، جس میں کہا گیا ہے کہ الٰہ آباد کے کچھ سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں اتنا آلودہ پانی جمع ہے کہ صرف 50 فیصد کا ہی تصفیہ ہو پا رہا ہے، باقی 50 فیصد آلودہ پانی بنا تصفیہ کے ہی گنگا میں چھوڑا جا رہا ہے۔
نئی دہلی: نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو الٰہ آباد میں کمبھ میلے کے بعد جمع کچرے کو ہٹانے کے لئے فوراً قدم اٹھانے کو کہا ہے۔این جی ٹی نے اتر پردیش کے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ الٰہ آباد میں کمبھ میلے کے بعد جمع ہوئے ٹھوس کچرے کو نپٹانے کے لئے فوراً قدم اٹھائے جائیں اور اس سے متعلق افسروں کی جوابدہی طے کی جائے۔
جسٹس ارون ٹنڈن کی صدارت والی کمیٹی کی رپورٹ پر نوٹس لیتے ہوئے این جی ٹی نے کہا کہ علاقے میں صورتحال خطرناک ہے اور اس سے فوراً نپٹا جانا چاہیے جس سے کہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔این جی ٹی صدر جسٹس آدرش کمار گوئل کی قیادت والی بنچ نے کہا کہ زمینی سطح پر جوابدہی طے کی جانی چاہیے اور سینئر سطح کے افسروں کے ذریعے ذاتی طور پر معائنہ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
بنچ نے کہا، ‘ ہم ہدایت دیتے ہیں کہ زمینی سطح کے افسروں کی جوابدہی طے کرنے کے لئے ایک مناسب نگرانی کا سسٹم قائم کیا جانا چاہیے اور چیف سکریٹری کے ذریعے جلد سے جلد معائنہ کے لئے ضروری افسروں کی سطح طےکی جانی چاہیے۔ ‘بنچ نے یہ بھی کہا کہ اچھا ہوگا کہ یہ کام 26 اپریل سے پہلے کر لیا جائے، جس دن اتر پردیش کے چیف سکریٹری کے این جی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی امید ہے۔
این جی ٹی نے کہا ہے کہ الٰہ آباد میں کمبھ میلے کی تصویریں دیکھنے کے بعد وہاں فوری اثر سے ٹھوس کچرے کو ہٹانے، ڈرینج سسٹم کو ٹھیک کرنے اور گندے پانی کے تصفیے کا انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔این جی ٹی نے یہ ہدایت جسٹس ارون ٹنڈن کی ایک رپورٹ کا تجزیہ کرنے کے بعد جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ الٰہ آباد کے اریل علاقے میں ندی کے بہت نزدیک بڑی تعداد میں بیت الخلا کی تعمیر کرائی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے، ‘ راجاپور سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں اس کی صلاحیت سے زیادہ آلودہ پانی پہنچا ہے۔ یہاں صرف 50 فیصد گندے پانی کا ہی تصفیہ ہو پا رہا ہے، باقی 50 فیصد گندا پانی بنا تصفیے کے ہی گنگا میں چھوڑا جا رہا ہے۔ ‘رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے، ‘ سلوری سیویج ٹریٹ منٹ پلانٹ میں بھی اس کی صلاحیت سے زیادہ گندا پانی پہنچ رہا ہے۔ یہ پلانٹ بھی اطمینان بخش سطح پر کام نہیں کر رہا ہے۔ یہاں بھی پلانٹ میں 50 فیصد پانی رکھا جا رہا ہے اور باقی کا 50 فیصد گندا پانی گنگا میں چھوڑا جا رہا ہے۔ ‘
اس سے پہلے این جی ٹی نے اتر پردیش پالیوشن کنٹرول بورڈ کو الٰہ آباد میں کمبھ میلے کے دوران ماحولیات پر نظر رکھنے کی ہدایت دی تھی۔این جی ٹی نے کہا تھا کہ جس طرح سے یہ مذہبی پروگرام بہت بڑے پیمانے پر ہو رہا ہے اسی طرح سے لوگوں کوایجوکیٹیڈکرکےکچرے کا تصفیہ بھی کیا جانا چاہیے۔اربن ڈیولپمنٹ اینڈ ہاؤسنگ کی وزارت کے علاوہ دوسری ذمہ دار اتھارٹی کو بھی یہ ہدایت دی گئی تھی کہ وہ پوسٹر، بینر اور پمفلیٹ کے ذریعے کچرے کے تصفیے کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرے۔