امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2022 سے ستمبر 2023 کے درمیان غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ریکارڈ 96917 ہندوستانی پکڑے گئے۔ ان میں سے 30010 کینیڈا کی سرحد پر اور 41770 میکسیکو کی سرحد پر پکڑے گئے۔
نئی دہلی: یو ایس کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (یو سی بی پی) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر 2022 سے ستمبر 2023 کے درمیان ریکارڈ 96917 ہندوستانی غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوتے ہوئے پکڑے گئے۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ تعداد حالیہ برسوں میں خاص طور پر خطرناک راستوں سے ہونے والی اس طرح کی دراندازیوں کے دوران جان و مال کے المناک نقصان کے باوجود سامنے آئی ہے۔ 96917 ہندوستانیوں میں سے 30010 کو کینیڈا کی سرحد پر اور 41770 کو میکسیکو کی سرحد پر پکڑا گیا۔
باقی وہ لوگ ہیں جنہیں بنیادی طور پر دراندازی کے بعد ٹریک کیا گیا تھا۔ 2019-20 میں پکڑے گئے 19883 ہندوستانیوں کے مقابلے میں مجموعی طور پر اعداد و شمارپانچ گنا اضافہ ہواہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف رپورٹ شدہ معاملوں پر مبنی ہیں، اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔
خطرناک راستہ اختیار کرنے والوں میں سے کئی کا تعلق گجرات سے ہے۔ غیر قانونی امیگریشن ریکیٹ کی تحقیقات کرنے والے گجرات پولیس کے ایک افسر نے کہا، ‘یہ بنیادی طور پر گجرات اور پنجاب کے لوگ ہیں، جو امریکہ میں آباد ہونے کی خواہش رکھتے ہیں۔’
گرفتار کیے گئے افراد کو چار زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے -اکیلے بچے، خاندان کے افراد کے ساتھ بچے اور پورا خاندان۔ سنگل بالغ سب سے بڑا زمرہ ہے۔ اس بار 84000 سنگل بالغوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
امریکی سرحد پرخطرناک حد تک 730 سنگل بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سب سے سنگین معاملوں میں سے ایک گجرات کے گاندھی نگر کے رہنے والے برج کمار یادو کا تھا، جنہوں نے دسمبر 2022 میں ٹرمپ کی دیوار عبور کر کے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ افسوسناک طور پر وہ اپنے بچے کو گود میں لیے ہوئے میکسیکو کے ٹیجوانا حصےمیں گر گئے اور ان کی جان چلی گئی ۔ ان کی اہلیہ پوجا سین ڈیایگو میں امریکی سرحد پر 30 فٹ نیچے گر گئیں۔ نتیجے کے طور پر، ان کے تین سالہ بچے کو امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کی حراست میں رکھا گیا ہے۔
غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خاندانوں سے جڑے افسوسناک واقعات کے باوجوداس مسئلے سے نمٹنے کے لیے گجرات پولیس اور ہندوستانی، امریکی اور کینیڈین ایجنسیوں کی کوششوں کے باوجود امریکہ میں غیر قانونی طور پرداخل ہونے کی کوشش جاری ہے۔
معلوم ہوکہ حال ہی میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مذہبی طور پر ہراسانی کے واقعات اور نوکریوں کی کمی کی وجہ سے ریکارڈ تعداد میں ہندوستانی غیر قانونی طور پر امریکہ پہنچ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ اکتوبر سے ستمبر تک ہندوستان سے تقریباً 42 ہزار افراد نے غیر قانونی طور پر امریکہ کی جنوبی سرحد عبور کی۔ یہ تعداد گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ ہے۔ صرف اس سال ستمبر میں 8076 ہندوستانیوں کو مختلف راستوں سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیاتھا۔
صرف اس سال ستمبر میں 8076 ہندوستانیوں کو امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس وقت گرفتار کیا تھا، جب انہوں نے مختلف راستوں سے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔ یو ایس کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ کل تعداد میں سے 3059 ہندوستانیوں کو صرف امریکہ-کینیڈا سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔