پولیس نے بتایا کہ ہوٹل میں کام کرنے والا عمران اسماعیل پٹیل جمعہ کی صبح اپنے گھر لوٹ رہا تھا، جب تقریباً 10 بدمعاشوں نے اس کی بائیک روک کرچابی چھین لی اور ’جئے شری رام ‘بولنے کے لئے دباؤ ڈالا۔ 10 لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔
نئی دہلی: مہاراشٹر کے اورنگ آباد علاقے کے ایک ہوٹل میں کام کرنے والے عمران اسماعیل پٹیل جمعہ کی صبح اپنے گھر لوٹ رہے تھے، جب تقریباً 10 بدمعاشوں نے ہڈکو کارنر کے پاس ان کی بائیک روک کرگاڑی کی چابی چھین لی اور ان سے ‘ جئے شری رام ‘ بولنے کو کہا۔پٹیل نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس کی پٹائی کی اور اس کو ‘ جئے شری رام ‘ بولنے کو کہا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ گنیش نام کے ایک شخص اور اس کی فیملی نے ہنگامے کی آواز سن کر اس کو بچایا۔
پولیس انسپکٹرمدھوکر ساونت نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور شکایت کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ آئی پی سی کی دفعہ 153-اے اور 144 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق؛ پٹیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جب اس نے جئے شری رام بولنے سے انکار دیا تو انہوں نے اس کی پٹائی کی۔ پٹیل نے پولیس کو بتایا کہ گنیش منڈپ والے نامی شخص اور اس کی فیملی نے ہنگامے کی آواز سنکر اس کو بچایا۔متاثرہ کے ذریعے دائر شکایت میں کہا گیا ہے کہ اورنگ آباد کے مظفرنگر علاقے کا باشندہ عمران اسماعیل پٹیل اپنے گھر جا رہا تھا، تبھی کچھ لوگوں نے اس کو روکا اور پوچھا اتنی رات کو کہاں گیا تھا۔ ایک شخص نے گاڑی کی چابی چھین لی، دوسرے نے پتھر سے مارنے کی کوشش کی۔
بیگم پورہ پولیس انسپکٹر سچن سانپ نے کہا، ‘ ہم نے شکایت کی تفتیش شروع کی ہے۔ ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ عمران نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ اس کو ‘ جئے شری رام ‘ کا نعرہ لگانے کے لئے مجبور کیا گیا۔ واقعہ جہاں ہوا تھا، اس کے آس پاس کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں تھا۔ ‘انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ‘ گنیش اور اس کی بیوی عمران کو نہیں جانتے تھے، لیکن جب ان کے گھر کے پاس یہ واقعہ پیش آیا، تو وہ شور سنکر باہر آئے اور عمران کی مدد کی۔ ‘
اورنگ آباد پولیس کی کرائم برانچ کے انسپکٹر مدھوکر ساونت نے صحافیوں سے کہا، ‘ غیر جانبدارانہ جانچ کی جائےگی اور مجرم پائے جانے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کی جائےگی۔ ‘دینک بھاسکر کے مطابق ؛معاملے کی جانکاری ملتے ہی ایک کمیونٹی کے لوگ بیگم پورہ پولیس تھانے میں جمع ہونے لگے اور جم کر ہنگامہ کیا۔
اے آئی ایم آئی ایم کے قانونی صلاح کار نے بتایا کہ فی الحال بیگم پورہ پولیس تھانے میں 10 نامعلوم لوگوں کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔ شہر کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں۔غور طلب ہے کہ اقلیتی کمیونٹی کے لوگوں کو جبراً ‘ جئے شری رام ‘ کہنے کے لئے مجبور کرنے کے واقعات حال ہی میں مہاراشٹر کے ٹھانے سمیت ملک کے مختلف حصوں سے سامنے آئے ہیں۔
(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)