لوک سبھا انتخابات: یوپی اور بہار میں شدید گرمی کے باعث انتخابی عملے کے 25 اہلکاروں کی ڈیوٹی پر موت

جمعہ کو ہندوستان میں گرمی سے کم از کم 40 ممکنہ اموات ہوئی ہیں، جن میں سے 25 اتر پردیش اور بہار میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے تعینات انتخابی عملے کے اہلکار تھے۔

جمعہ کو ہندوستان میں گرمی سے کم از کم 40 ممکنہ اموات ہوئی ہیں، جن میں سے 25 اتر پردیش اور بہار میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے تعینات انتخابی عملے کے اہلکار تھے۔

بہار کا ایک پولنگ بوتھ۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@ECISVEEP)

بہار کا ایک پولنگ بوتھ۔ (تصویر بہ شکریہ: X/@ECISVEEP)

نئی دہلی: اتر پردیش اور بہار میں لوک سبھا انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے تعینات انتخابی عملے کے کم از کم 25 اہلکاروں کی پچھلے  24 گھنٹوں میں گرمی سے متعلق بیماریوں سے موت ہو گئی ہے، حکام نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔

معلوم ہو کہ شمالی ہندوستان کا بیشتر حصہ شدید گرمی کی زد میں ہے۔

دی ٹریبیون کی خبر کے مطابق، جمعہ کو ہندوستان میں گرمی سے کم از کم 40 ممکنہ اموات کی اطلاع ملی، جن میں اتر پردیش اور بہار میں لوک سبھا الیکشن ڈیوٹی پر مامور 25 کارکن بھی شامل ہیں۔

جمعہ کو درج کی گئی اموات میں سب سے زیادہ 17 اتر پردیش، 14 بہار، پانچ اڑیسہ اور چار جھارکھنڈ سے تھیں۔ حکام نے بتایا کہ ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے 1300 سے زائد افراد ہسپتالوں میں داخل ہیں۔

معلوم ہو کہ جمعرات (30 مئی) کو ملک بھر میں شدید گرمی کے باعث کم از کم 54 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں ۔ سب سے زیادہ بہار میں لو لگنے سے 32 لوگوں کی موت ہوئی تھی، جن میں سے 17 اورنگ آباد میں، چھ آرہ میں، تین گیا اور تین روہتاس میں ، دو بکسر میں اور پٹنہ میں ایک۔ اڑیسہ کے راؤرکیلا میں 10 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ جھارکھنڈ کے پلامو اور راجستھان میں پانچ، پانچ لوگوں کی موت ہوئی تھی، جبکہ اتر پردیش کے سلطان پور میں ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، حکام نے بتایا کہ بہار میں گرمی سے متعلق مسائل کی وجہ سے انتخابی عملے کے 10 اہلکاروں کی موت ہوگئی، جبکہ اتر پردیش کے مرزا پور ضلع میں آٹھ کی موت ہوگئی۔

مرزا پور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ایک پریس نوٹ کے مطابق، جمعہ کو انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے تعینات انتخابی عملے کے تین اہلکار کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا۔ علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ تینوں کی شناخت کنسولیڈیشن آفیسر امیش سریواستو، ریاستی محکمہ صحت کے کلرک شیو پوجن سریواستو اور صفائی اہلکارروی پرکاش کے طور پر کی گئی ہے۔

ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد معلوم ہو سکے گی، تاہم اندیشہ ہے کہ علاقے میں شدید گرمی کی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی ہوگی۔

انتظامیہ نے بتایا کہ مرزا پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے پولنگ ڈیوٹی پر تعینات پانچ ہوم گارڈز کی موت کی اطلاع دی ہے۔ ان سب کی عمریں 50 سال یا اس سے زیادہ تھیں۔ ان پانچوں کی شناخت گونڈہ ضلع کے بچہ رام، بستی ضلع میں تعینات 52 سالہ ستیہ پرکاش، گونڈہ کے 50 سالہ رام جیاون یادو، پریاگ راج کے 55 سالہ تربھوون سنگھ اور کوشامبی کے 55 سالہ رام کرن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ان پانچوں کو اچانک طبیعت بگڑنے کے بعد مرزا پور کے ڈویژنل اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ عہدیداروں نے کہا کہ وہ رائے بریلی اور سون بھدر میں انتخابی عملے کے اہلکاروں کی اسی طرح کی اموات کی رپورٹ کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، رائے بریلی میں ای وی ایم اسٹرانگ روم کی سیکورٹی کے لیے تعینات ایک افسر کی موت ہو گئی۔ ان اموات کی ابھی تک سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

بہار میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں گرمی کی وجہ سے مرنے والے 14 لوگوں میں 10 انتخابی عملے کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘اب تک موصولہ جانکاری کے مطابق شدید گرمی کی وجہ سے کل 14 لوگوں کی موت ہوئی ہے، جن میں 10 انتخابی عملے کے اہلکاراور چار دیگر شامل ہیں۔ مرنے والوں میں بھوجپور ضلع کے پانچ اہلکار، ضلع روہتاس کے تین، کیمور ضلع کے ایک اور اورنگ آباد ضلع کے ایک اہلکار اور 4 دیگر افراد شامل ہیں۔’

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے تمام 38 اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ کو صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ ‘تمام پرائمری ہیلتھ سینٹر پر ڈاکٹر 24 گھنٹے موجود رہیں اور تمام اہم مقامات پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔’

ریاستی حکومت نے ہر متاثرہ خاندان کے لیے 4 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم کا اعلان کیا ہے۔ ساسارام اور کاراکاٹ لوک سبھا حلقے، جو روہتاس ضلع کا احاطہ کرتے ہیں، بھوجپور ضلع کا آرہ حلقہ اور بکسر انتخابی حلقہ بہار کی ان آٹھ سیٹوں میں شامل ہیں جوایک مئی کو ووٹنگ ہو رہی ہے۔

بہار میں حالیہ دنوں میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور جمعرات کو کئی مقامات پر دن کا درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس کو عبور کر گیا۔ بہار سرکار نے بدھ کے روز تمام اسکولوں، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ اور آنگن واڑی مراکز کو 8 جون تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، دریں اثنا، اڑیسہ حکومت نے جمعہ کو لو کی وجہ سے اب تک پانچ اموات کی تصدیق کی ہے، جبکہ 18 دیگر افراد کی جانچ چل رہی ہے، جن کے لو لگنے سے متعلق بیماری ہونے کا اندیشہ ہے۔

نیشنل ہیلتھ مشن (جھارکھنڈ) کے مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر آلوک ترویدی نے بتایا کہ جھارکھنڈ میں لو لگنے کی وجہ سے جمعہ کو چار افراد کی موت ہو گئی، جبکہ مشرقی ریاست کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کے دوران 1326 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے اب تک ہیٹ اسٹروک کے 63 معاملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ضلع ہسپتالوں اور دیگر طبی سہولیات سے کہا گیا ہے کہ وہ ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ کمرے اور خالی بستر الگ رکھیں۔