کرناٹک: بی جے پی ایم ایل اے کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد مندر ٹرسٹ نے مسلمانوں سے معافی مانگی

04:26 PM May 16, 2025 | دی وائر اسٹاف

کرناٹک کے بی جے پی ایم ایل اے ہریش پونجا نے گوپال کرشن مندر ٹرسٹ کے ایک پروگرام کے دوران اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ انہیں آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سے یہ پوچھتے ہوئے سنا گیا کہ مسلم کمیونٹی کو اس تقریب میں کیوں مدعو کیا گیا۔ اب مندر ٹرسٹ نے مسلم کمیونٹی سے معافی مانگی ہے۔

کرناٹک کی بیلتھنگڈی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہریش پونجا۔ (تصویر: انسٹاگرام/hpoonja)

نئی دہلی: کرناٹک کے جنوبی کنڑ ضلع کے بیلتھنگڈی تعلقہ کے ٹیکر گاؤں کے گوپال کرشن مندر ٹرسٹ نے مسلم کمیونٹی سے معافی مانگی ہے ۔

دی ہندو کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ،  بیلتھنگڈی کے ایم ایل اے ہریش پونجا کی جانب سے 3 مئی کو مندر کے ایک پروگرام کے دوران کی گئی مبینہ ہیٹ اسپیچ  کی وجہ سے یہ معافی مانگی گئی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے ہریش پونجا نے مندر کے برہمکلاشوتسوا پروگرام کے دوران ایک اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر مسلم کمیونٹی کے ایک حصے پر آرگنائزنگ کمیٹی کے ذریعہ نصب ٹیوب لائٹس کو نقصان پہنچانے کا الزام لگایا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں پونجا کو آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سے پوچھتے ہوئے سنا گیا کہ مسلم کمیونٹی کو اس تقریب میں کیوں مدعو کیا گیا۔

تولو زبان میں بات کرتے ہوئے پونجا نے کہا تھا ، ‘ہمیں مسجد جا کر لوگوں کو مدعو کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ ہم ہندو ہیں اور ہمیں ویسے ہی رہنا چاہیے۔’

یہ ریمارکس ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب منگلورو میں دو قتل کے بعد ساحلی جنوبی کنڑ ضلع میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا مشاہدہ کیا جا رہا تھا۔

اس کے بعد بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف کئی شکایتیں درج کرائی گئیں۔ مسلم اوکوٹا نامی تنظیم نے مندر انتظامیہ کو خط لکھ کر ناراضگی کا اظہار کیا۔

اپننگڈی پولیس نے پونجا کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی  دفعہ 353(2) کے تحت اشتعال انگیز تقریر کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔

گزشتہ 7 مئی کو مسلم اوکوٹا کے اراکین نے مندر کے ٹرسٹ سے ملاقات کی، جس کے بعد ٹرسٹ نے اسی دن ایک خط جاری کیا جس میں مذہبی اجتماع کے دوران مسلم کمیونٹی کے خلاف کیے گئے قابل اعتراض ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

دی ہندو کے مطابق، ٹرسٹ نے برہمکلاشوتسو میں فعال طور پر شرکت کرنے پر مسلم کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ مستقبل میں تمام برادریوں کے درمیان خوشگوار تعلقات کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

وہیں، ایم ایل اے پونجا نے اپنی تقریر کو یہ کہہ کر درست ٹھہرایا کہ انہوں نے صرف ہندو سماج کوبیدار کیا ہے۔