ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے تاریخ رقم کی، شاندار جیت

اکثر طنز، طعنوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنے والی ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے نوی ممبئی کے کھچا کھچ بھرےڈی وائی پاٹل کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ کاخطاب پہلی بار اپنے نام کیا۔

اکثر طنز، طعنوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنے والی ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے نوی ممبئی کے کھچا کھچ بھرےڈی وائی پاٹل کرکٹ اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دے کر کرکٹ ورلڈ کپ کاخطاب پہلی بار اپنے نام کیا۔

کرکٹ ورلڈ کپ خطاب کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ ٹیم۔تصویر: بی سی سی آئی

نئی دہلی: کل شام ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے وہ کر دکھایا جو طویل عرصے سے محض خواب لگتا تھا۔ انہوں نے اس کھیل میں سب سے بڑا خطاب جیتا جس سے یہ ملک سب سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ اکثر طنز، طعنوں اور دھمکیوں کا سامنا کرنے والی ان کھلاڑیوں نے اپنی محنت اور جذبے سے کرکٹ ورلڈ کپ کا خطاب پہلی بار  اپنے نام کیا۔ یہ فتح ہر کھلاڑی کے سفر، جدوجہد اور حوصلے کی کہانی بیان کرتی ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب خوشی منانے کے مواقع بہت کم ہیں، ان ‘ڈریم الیون’ نے پوری قوم کو فخر اور اتحاد کا ایک قیمتی لمحہ دیا ہے۔

نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کر لیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے 50 اوور میں 7 وکٹ پر 298 رن بنائے۔ سلامی بلے باز شیفالی ورما نے 78 گیندوں پر 87 رن بنائے جبکہ آل راؤنڈر دیپتی شرما نے 58 رن بنائے۔

جواب میں کپتان لورا ولوارڈ کی سنچری کے باوجود افریقی ٹیم 246 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔دیپتی شرما نے پانچ اور شیفالی ورما نے دو وکٹ حاصل کیں۔

شیفالی ورما کو میچ میں ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر ‘پلیئر آف دی میچ’ کے خطاب سے نوازا گیا۔

غور طلب ہے کہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ شیفالی ورما نے سیمی فائنل میچ سے پہلے ٹیم میں شمولیت اختیار کی تھی جب اوپننگ بلے باز پرتیکا راول چوٹ کی وجہ سے ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی تھیں۔ وہ ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل نہیں تھیں، اور وہ اسٹینڈ بائی لسٹ میں بھی نہیں تھیں۔

اس دوران دیپتی شرما کو پورے ٹورنامنٹ میں آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ شرما نے سب سے زیادہ 22 وکٹیں حاصل کیں اور کارآمد 215 رنزبنائے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔

آل راؤنڈر دیپتی شرما پلیئر آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ کے ساتھ،تصویر: آئی سی سی

اس سے قبل ہندوستانی ٹیم دو مرتبہ (2005 اور 2017) ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی لیکن ٹائٹل جیتنے سے محروم رہی۔

آئیے اس تاریخی فتح اور جشن کے لمحات کو تصاویر میں دیکھتے ہیں؛

ہندوستانی کھلاڑی اپنی جیت کے بعد ہندوستانی پرچم تھامے ہوئے ہیں۔تصویر: بی سی سی آئی

نئی دہلی میں انڈیا گیٹ کے قریب، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 جیتنے کے بعد ایک شخص جشن مناتے ہوئے ترنگا لہرا رہا ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی)

اتوار، 2 نومبر 2025 کو نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل ون ڈے میچ کے دوران ہندوستانی کھلاڑی جنوبی افریقہ کی سن لوس کو آؤٹ کرنے کا جشن مناتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستانی کھلاڑی شیفالی ورما (بائیں) اتوار 2 نومبر 2025 کو نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل ون ڈے میچ کے دوران جنوبی افریقہ کی ماریزین کپ کی وکٹ لینے کے بعد کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ جشن مناتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ٹرافی جیتنے  کے بعد ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اپنی نائب اسمرتی ماندھنا کے ساتھ۔ تصویر: بی سی سی آئی

ہندوستانی کھلاڑی دیپتی شرما (دوسرے دائیں) کپتان ہرمن پریت کور (دائیں)، کرانتی گوڑ (دوسرے بائیں) اور وکٹ کیپر ریچا گھوش کے ساتھ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے فائنل ون ڈے میچ کے دوران جنوبی افریقہ کی اینری ڈرکسن کی وکٹ لینے کے بعد جشن مناتی ہوئیں۔ فوٹو: پی ٹی آئی