بہار اسمبلی انتخابات: ’انڈیا‘ بلاک کی رابطہ کمیٹی کی قیادت کریں گے تیجسوی یادو

'انڈیا' بلاک نے اعلان کیا ہے کہ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے مہاگٹھ بندھن کی رابطہ کمیٹی کی قیادت کریں گے۔ تاہم، اتحاد کی طرف سے انہیں ابھی وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں بنایا گیا ہے۔

‘انڈیا’ بلاک نے اعلان کیا ہے کہ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو بہار میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے مہاگٹھ بندھن کی رابطہ کمیٹی کی قیادت کریں گے۔ تاہم، اتحاد کی طرف سے انہیں ابھی وزیر اعلیٰ کا چہرہ نہیں بنایا گیا ہے۔

نئی دہلی: اپوزیشن پارٹی انڈیا بلاک نے جمعرات (17 اپریل) کو اعلان کیا ہے کہ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو ریاست میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے مہاگٹھ بندھن کی رابطہ کمیٹی کی قیادت کریں گے۔

اگرچہ اتحاد نے یادو کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ ابھی نہیں بنایا ہے، لیکن کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف رابطہ کمیٹی کی سربراہی کریں گے، جو اتحاد کی تمام جماعتوں پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی دیگر چیزوں کے علاوہ ایک مشترکہ پروگرام، منشور اور نشستوں کی تقسیم کا فیصلہ کرے گی۔

چھ اتحادی جماعتوں – کانگریس، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ-لیننسٹ)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) اور وکاسیل انسان پارٹی (وی آئی پی) – کے رہنماؤں نے جمعرات کو پٹنہ میں ملاقات کی۔

سال 2020 میں مکیش ساہنی کی قیادت والی وی آئی پی سیٹوں کی تقسیم پر اختلاف کی وجہ سے انتخابات سے پہلے اتحاد سے الگ ہو گئی تھی۔

میٹنگ کے بعد بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الوارو نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ انتخابی مہم سے متعلق تمام فیصلے رابطہ کمیٹی لے گی، جس کی سربراہی یادو کریں گے۔

انہوں نے کہا، ‘بہار انتخابات سے متعلق تمام فیصلے – سیٹ شیئرنگ کے انتظامات سے لے کر مشترکہ پروگرام  اور منشور تک، انتخابی مہم کا خاکہ تیار کرنے، پارٹیوں کے درمیان تال میل، میڈیا کوآرڈینیشن، ووٹر لسٹ اور دیگر تمام انتخابی کاموں کی نگرانی رابطہ کمیٹی کرے گی۔ یہ کمیٹی ‘انڈیا’ الائنس  کی سپریم باڈی ہوگی اور اس کمیٹی کے چیئرمین تیجسوی یادو ہوں گے۔’

ان کا کہنا ہے کہ ‘رابطہ کمیٹی میں تمام اتحادی جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے۔’

یہ میٹنگ بدھ (16 اپریل) کو دہلی میں کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے تیجسوی یادو کی ملاقات کے دو دن بعد ہوئی ہے ۔

میٹنگ کے بعد تیجسوی یادو نے کہا، ‘بہار کی صورتحال پر آج مہاگٹھ بندھن کی پہلی میٹنگ ہوئی۔ ہم نے خاص طور پر غریبی، بے روزگاری اور نقل مکانی سے متعلق مسائل پر بات کی۔’

انہوں نے مزید کہا، ‘پچھلے 20 سالوں سے برسراقتدار حکومت کے خلاف بہار کے لوگوں میں کافی غصہ ہے۔ 20 سالوں میں ان کی اپنی مرکزی حکومت کی نیتی آیوگ کی رپورٹ کہتی ہے کہ بہار سب سے غریب ہے۔ بہار بے روزگاری، غربت، نقل مکانی اور بڑھتے ہوئے جرائم میں پہلے نمبر پر ہے۔ بہار میں لاء اینڈ آرڈر نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔

سابق نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ‘ہم وزیر اعلیٰ کے بارے میں کیا کہہ سکتے ہیں، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ بہار آتے رہتے ہیں۔ بہار میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا جواب انہیں دینا چاہیے۔ اس کے لیے نہ صرف نتیش کمار بلکہ پوری این ڈی اے ذمہ دار ہے۔ بہار میں اصلی ڈبل انجن جرائم اور بدعنوانی ہے۔’

سال 2020 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 70 سیٹوں پر مقابلہ کیا اور 19 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ آر جے ڈی 75 سیٹیں جیت کر ریاست کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ پارٹی نے 144 سیٹوں پر الیکشن لڑا تھا۔

سی پی آئی (ایم ایل) نے اپنی 19 میں سے 12 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ۔ جبکہ وی آئی پی نے اتحاد چھوڑدیا تھا، اس نے چار نشستیں حاصل کی تھیں۔