جس منزل میں آگ لگی وہاں کوچنگ سینٹر چل رہا تھا ۔ اپنی جان بچانے کے لیے کچھ اسٹوڈنٹ نے اوپر سے چھلانگ لگادی جن کو نازک حالت میں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔
نئی دہلی : گجرات کے سورت واقع سرتھانہ علاقے میں ایک عمارت کی دوسری منزل میں آگ لگنے کی وجہ سے 15 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ واضح ہوکہ جس منزل میں آگ لگی وہاں کوچنگ سینٹر چل رہا تھا ۔ اپنی جان بچانے کے لیے کچھ اسٹوڈنٹ نے اوپر سے چھلانگ لگادی جن کو نازک حالت میں ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے ۔
خبر کے مطابق، فائر بریگیڈ کی 18 گاڑیاں موقع پر پہنچ چکی ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق ، سورت کے پولیس کمشنر ستیش کمار شرما نے کہا ہے کہ حادثے میں کم سے کم 15 لوگوں کی موت ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ اس حادثے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔
دریں اثنا وزیر اعظم مودی نے اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ سورت میں ہوئے اس حادثے سے صدمے میں ہوں ۔ متاثرہ خاندان سے میری ہمدردی ہے ۔ دعا کرتا ہوں کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے لوگ جلدصحت یاب ہوں۔انہوں نے گجرات حکومت اور مقامی انتظامیہ کو متاثرین کو ہر ممکن مدد پہنچانے کی ہدایت دی ہے ۔
گجرات کے وزیر اعلیٰ دفتر نے جانکاری دی ہے کہ ، وزیر اعلیٰ وجے روپانی نے حادثے کی جانچ کے حکم دیے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اس حادثے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی فیملی کو 4 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔افسروں نے جانکاری دی ہے کہ سورت کے تکش شیلا کیمپس کی تیسری چوتھی منزل پر آگ لگ گئی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں کسی کے ہلاک ہونے کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔ مقامی لوگ بھی راحت رسانی میں افسروں کی مدد کر رہے ہیں۔ ایک دمکل اہلکار نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس نے آگ سے بچنے کے لیے تیسری چوتھی منزل سے کودنا شروع کردیا تھا ۔ کئی بچوں کو بچاکر ہاسپٹل پہنچایا گیا ہے ۔ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے۔