پہلگام حملے میں  ہلاک ہونے والے بحریہ کے افسر کی بیوہ نے کہا – مسلمانوں یا کشمیریوں کو نشانہ نہ بنائیں

پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال کی اہلیہ ہمانشی نے نروال کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ کسی سے نفرت نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نہیں چاہتے کہ لوگ مسلمانوں اور کشمیریوں کے پیچھے پڑیں۔ ہم صرف امن چاہتے ہیں۔

پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال کی اہلیہ ہمانشی نے نروال کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں کہا کہ کسی سے نفرت نہیں ہونی چاہیے۔ ہم نہیں چاہتے کہ لوگ مسلمانوں اور کشمیریوں کے پیچھے پڑیں۔ ہم صرف امن چاہتے ہیں۔

پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال کی اہلیہ ہمانشی نروال۔ (تصویر بہ شکریہ: اے این آئی ویڈیو اسکرین گریب)

پہلگام دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال کی اہلیہ ہمانشی نروال۔ (تصویر بہ شکریہ: اے این آئی ویڈیو اسکرین گریب)

نئی دہلی: پہلگام دہشت گردانہ حملے میں اپنی جان گنوانے والے ہندوستانی بحریہ کے لیفٹیننٹ ونے نروال کی 27ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی اہلیہ ہمانشی نروال نے جمعرات کو امن اور اتحاد کی اپیل کی۔ ونے نروال ان 26 افراد میں شامل تھے ،جنہیں 22 اپریل کو جموں و کشمیر کے پہلگام کے قریب بائی سرن میں دہشت گردوں نے مارڈالاتھا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ہمانشی نروال نے لوگوں سے مسلمانوں اور کشمیریوں کو ہراساں نہ کرنے کی اپیل کی اور اپنے شوہر لیفٹیننٹ ونے نروال کے لیے انصاف پر زور دیتے ہوئے امن  وامان کی دعا کی۔

ہمانشی نے کہا ، ‘ہم نہیں چاہتے کہ لوگ مسلمانوں اور کشمیریوں کے پیچھے پڑیں۔ ہم امن اور صرف امن چاہتے ہیں۔ یقیناً ہم انصاف چاہتے ہیں۔ جن لوگوں نے اس کے ساتھ ظلم کیا ہے انہیں سزا ملنی چاہیے۔’

انہوں نے کہا، ‘میں صرف یہ چاہتی ہوں کہ پورا ملک ان (ونے) کے لیے دعا کرے کہ وہ جہاں بھی ہوں، سکون سے رہیں۔ میں صرف یہی چاہتی ہوں۔’

انہوں نے مزید کہا، ‘میں ایک اور بات کہنا چاہتی ہوں۔ کسی سے نفرت نہیں ہونی چاہیے۔ میں لوگوں کو مسلمانوں یا کشمیریوں کے خلاف نفرت پھیلاتے دیکھ رہی ہوں۔ ہم یہ نہیں چاہتے۔ ہم امن اور صرف امن چاہتے ہیں۔’

بتا دیں کہ 22 اپریل کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے سے ٹھیک ایک ہفتہ قبل ہمانشی کی شادی لیفٹیننٹ نروال سے ہوئی تھی۔ ہمانشی اور نروال پہلگام میں اپنے ہنی مون پر تھے،  جب دہشت گردوں نے بحریہ کے افسر کو بہت نزدیک  سے گولی مار دی۔

ہمانشی ونے نروال کی 27 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ہریانہ کے کرنال میں خون کے عطیہ کیمپ سے پہلے خطاب کر رہی تھیں۔

اس کیمپ کا اہتمام کرنال کی این جی او نیشنل انٹیگریٹڈ فورم آف آرٹسٹ اینڈ ایکٹوسٹس نے کیا تھا۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے کہا کہ مرحوم افسر نے اپنی خدمات کے دوران انتہائی لگن سے ملک کی خدمت کی اور وہ ہمیشہ سب کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

نروال کی بہن سرشٹی نے خون کے عطیہ کیمپ میں حصہ لینے والے لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ سرشٹی نے کہا، ‘میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جو دور دور سے یہاں خون کا عطیہ دینے آئے ہیں۔ ہمیں پیغامات بھی مل رہے ہیں۔ لوگوں نے (خون کے عطیہ کیمپ میں) جوش و خروش سے شرکت کی۔ حکومت نے بھی بہت کچھ کیا ہے۔’

معلوم ہوکہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت انگیز جرائم کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

کچھ جگہوں پر کشمیری طلبہ پر حملے کیے گئے اور ان کے مکان مالکوں نے انہیں رہائش خالی کرنے کو بھی کہا۔ پنجاب میں بہت سے کشمیری طلبہ کو پڑھائی  درمیان میں چھوڑ کر اپنی ریاست واپس جانے کے لیے مجبور ہونا پڑا ۔