ہریانہ: بی جے پی چیف موہن لال بڈولی اور گلوکار راکی ​​متل کے خلاف گینگ ریپ کے الزام میں کیس درج

ہریانہ کے بی جے پی چیف موہن لال بڈولی اور گلوکار راکی ​​متل کے خلاف کسولی میں گینگ ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہیں، مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع کے بی جے پی لیڈر اجیت پال سنگھ چوہان کو پارٹی کی ہی ایک خاتون لیڈر سے مبینہ ریپ اور جبری وصولی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ہریانہ کے بی جے پی چیف موہن لال بڈولی اور گلوکار راکی متل کے خلاف کسولی میں گینگ ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ وہیں، مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع کے بی جے پی لیڈر اجیت پال سنگھ چوہان کو پارٹی کی ہی ایک خاتون لیڈر سے مبینہ ریپ اور جبری وصولی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ہریانہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف موہن لال بڈولی بی جے پی صدر جے پی نڈا کے ساتھ۔ (تصویر بہ شکریہ: ایکس/موہن لال_بڈولی)

ہریانہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف موہن لال بڈولی بی جے پی صدر جے پی نڈا کے ساتھ۔ (تصویر بہ شکریہ: ایکس/موہن لال_بڈولی)

نئی دہلی: ہماچل پردیش پولیس نے ایک مبینہ گینگ ریپ معاملے میں ہریانہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف  موہن لال بڈولی اور گلوکار راکی متل عرف جئے بھگوان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، دہلی سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ واقعہ 3 جولائی 2023 کو کسولی کے ایک ہوٹل میں پیش آیا تھا۔

معلوم ہو کہ اس سلسلے میں سولن ضلع کے کسولی پولیس اسٹیشن میں گزشتہ سال 13 دسمبر کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس کی جانکاری ایک ماہ بعد منگل (14 جنوری) کو سامنے آئی ہے۔

اس ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شکایت کنندہ اور ان کی دوست  ہماچل پردیش میں تعطیلات کے دوران بڈولی اور متل سے ملی تھیں۔ ملزمان مبینہ طور پر خواتین کو اپنے ہوٹل کے کمرے میں لے گئے، انہیں شراب کی پیشکش کی اور منع کرنے کے باوجود انہیں زبردستی شراب پینے پر مجبور کیا۔ اس کے بعد انہوں نے شکایت کنندہ کو مبینہ طور پر ہراساں کیا اور ریپ کیا۔ ان کی عریاں تصاویر لیں اور ویڈیو بھی بنائے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، شکایت کنندہ نے یہ بھی الزام لگایا کہ متل نے ان سے کہا کہ اپنے البم میں وہ انہیں بطور ہیروئن لیں گے، جبکہ بڈولی نے مبینہ طور پر اپنے اعلیٰ سطحی رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں سرکاری نوکری دلانے کا وعدہ کیا۔

اس کے علاوہ شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ بڈولی اور متل نے دھمکی دی کہ اگر اس نے واقعہ کی اطلاع دی تو وہ اسے اور اس کے دوست کو نقصان پہنچائیں گے۔ انہوں نے مبینہ طور پر خواتین کو دو ماہ قبل پنچکولہ آنے پر مجبور کیا، جہاں انہیں جھوٹے مجرمانہ الزامات کی دھمکی دی گئی۔

شکایت کنندہ نے مزید کہا، ‘انہوں نے مجھے دھمکی دی کہ اگر میں نے اس معاملے کو پولیس یا کسی کے سامنے ظاہر کیا تو مجھے غائب کر دیا جائے گا۔ ہم شرمندہ تھے… تقریباً دو ماہ قبل انہوں نے ہمیں پنچکولہ بلایا اور جھوٹے مجرمانہ مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دی۔ اس کے بعد، ہم نے پنچکولہ میں راکی متل کا پتہ اور سونی پت میں بڈولی کا پتہ اور ان کے موبائل فون نمبروں کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوئے۔’

انہوں نے مزید کہا، ‘میں درخواست کر رہی ہوں کہ مجھے انصاف دیا جائے اور ان لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ نیز ان کے موبائل فون سے میری عریاں تصاویر اور ویڈیو ہٹائےجائیں۔’

دوسری جانب بڈولی نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور انہیں ‘بے بنیاد’ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا، ‘یہ ممکن ہے کہ دہلی میں ہونے والے انتخابات کی وجہ سے اس طرح کی فرضی ایف آئی آر نشرکی جا رہی ہوں۔ یہ سب بے بنیاد الزامات ہیں۔ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیا ہے۔ ایسی  ایف آئی آر میں ہیرا پھیری بھی کی جاسکتی ہے۔’

تاہم، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گورو سنگھ نے تصدیق کی کہ معاملہ بھارتیہ دنڈ سنہتا کی دفعہ 376ڈی (گینگ ریپ) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔

مدھیہ پردیش کے بی جے پی لیڈر پر پارٹی لیڈر سے ریپ  اور جبری وصولی کا الزام

دریں اثنا، مدھیہ پردیش کے سیدھی ضلع سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر اجیت پال سنگھ چوہان کو منگل (14 جنوری) کو پارٹی کی ایک خاتون لیڈر کے ساتھ ریپ  اور جبراً وصولی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے کہا کہ ان کی گرفتاری کے بعد بی جے پی نے انہیں فوری طور پر پارٹی سے نکال دیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ، جو کہ بی جے پی لیڈر بھی ہے، اس کے ساتھ پارٹی ٹکٹ دینے کے بہانے مبینہ طور پر ریپ کیا گیا۔ ملزم رہنما نے مبینہ طور پر واقعے کا ویڈیو بنایا اور وصولی کے لیے استعمال کیا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزم اجیت پال سنگھ چوہان نے متاثرہ کے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی اور ان کے سسر کو فحش ویڈیوز دکھا کر پیسے دینے پر مجبور کیا۔

اجیت پال سنگھ چوہان کے خلاف 13 جنوری کو بھارتیہ دنڈ سنہتا(بی این ایس) کی دفعہ 64 (1) (ریپ)، 308 (5) (کسی کو موت یا شدید چوٹ پہنچانے کا ڈر دکھا کر جبراً وصولی)، 296 (فحش کام) اور 351 (3) (مجرمانہ دھمکی) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

سیدھی ضلع بی جے پی کے صدر دیو کمار سنگھ نے اجیت پال سنگھ چوہان کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے نکال دیا ہے۔