مدھیہ پردیش کے گنا سے بی جےپی ایم پی کےپی یادو نے لوک سبھا چناؤ میں کانگریسی رہنما جیوترادتیہ سندھیا کو ہرایا تھا۔ پولیس نے کے پی یادو اور ان کے بیٹے کے خلاف نان کریمی لیئر کا او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لیے غلط جانکاری دینے کا معاملہ درج کیا ہے۔
نئی دہلی: مدھیہ پردیش پولیس نے گنا لوک سبھا سیٹ کے بی جےپی ایم پی کے پی یادو اور ان کے بیٹے کے خلاف نان کریمی لیئر کا او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لیے غلط جانکاری دینے کا معاملہ درج کیا ہے۔یادو نے لوک سبھا چناؤ میں گنا سیٹ سے کانگریس کے سینئر رہنما جیوترادتیہ سندھیا کو ہرایاتھا۔
یادو اور ان کے بیٹے کے خلاف اشوک نگر کے کوتوالی تھانے میں سنیچر رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے یہ معاملہ درج کیا گیا۔ اشوک نگر کے ایس پی پنکج کماوت نے کہا کہ کے پی یادو اور ان کے بیٹے سارتھک کے خلاف فرضی طریقے سے نان کریمی لیئر او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لئے دفعہ 420 (دھوکہ دھڑی)دفعہ120 بی (مجرمانہ سازش)اور دفعہ 180 اور 181 (غلط جانکاری پیش کرنا) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سنیل شیوہرے نے بتایا کہ منگاولی کے سب ڈویزنل مجسٹریٹ کی جانچ رپورٹ کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایس ڈی ایم نے اشوک نگر باشندہ گریراج یادو کی شکایت پر یہ جانچ کی تھی۔شیو ہرےنے بتایا کہ ایس ڈی ایم کی جانچ رپورٹ پر قانونی صلاح لینے کے بعد یادو اور ان کے بیٹے کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایس ڈی ایم کی جانچ رپورٹ میں پایا گیا کہ2017 تک نان کریمی لیئر کا او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لئے آمدنی کی حد چھ لاکھ روپے تھی جبکہ نومبر 2017 میں ریاستی سرکار نے اس کو بڑھاکر آٹھ لاکھ روپے کر دیا۔ یادو نے نان کریمی لیئر کا او بی سی سرٹیفیکٹ لینے کے لئے 2014 میں غلط جانکاری دی تھی۔ اسی طرح ان کے بیٹے سارتھک نے بھی غلط جانکاری دےکر جولائی 2019 میں یہ سرٹیفیکٹ حاصل کیا۔
جانچ میں پایا گیا کہ گنا کے ایم پی اور ان کے بیٹےکے ذریعے نان کریمی لیئر کا او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لئے دی گئی جائیداد اور آمدنی کی جانکاری ان کے ذریعے انتخاب میں دیے گئے جائیداد اور آمدنی کے حلف نامہ سے الگ ہے۔
کے پی یادو کے ذریعے چناؤ کے دوران دیےگئے حلف نامہ میں ان کی آمدنی، نان کریمی لیئر او بی سی سرٹیفیکٹ حاصل کرنے کے لئے متعین آمدنی کے سلیب سے زیادہ تھی۔
(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)