پلازما تکنیک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن سے نکل چکے شخص کے خون کی اینٹی باڈی کا استعمال کو رونا وائرس سے شدید طور پر متاثر مریضوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے۔
نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعرات کو کہا کہ کو رونا وائرس کے شدید طور پر متاثر مریضوں کے علاج کے لیے ڈاکٹر اگلے تین سے چار دن میں پلازما ٹرانسفیوژن ٹرائلز(کلینکل ٹرائل)کریں گے۔کیجریوال نے کہا کہ مارچ مہینے کے آخری ہفتہ اور اپریل کے پہلے ہفتہ میں اسپتالوں میں بھرتی کرائے گئے کو رونا وائرس متاثرہ کئی مریضوں کی حالت اب ٹھیک ہو رہی ہے اور ان میں سے کئی کو جلد اسپتالوں سے چھٹی دے دی جائےگی۔
وزیر اعلیٰ نے آن لائن بریفنگ میں کہا، ‘اگر یہ تجربہ کامیاب رہتا ہے تو ہم کو رونا وائرس سے شدید طور پر متاثرہ مریضوں کی جان بچا سکتے ہیں۔’پلازما تکنیک میں کو رونا وائرس کے انفیکشن سے نکل چکے شخص کے خون کی اینٹی باڈی کا استعمال، کووڈ 19 سے شدید طور پر متاثر مریضوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے۔
Delhi is starting plasma transfusion trials for treating Corona patients. We will take every measure possible to prevent loss of lives https://t.co/jYmRP5Gwx1
— Arvind Kejriwal (@ArvindKejriwal) April 16, 2020
اس تکنیک کا مقصد کو رونا وائرس کے مریضوں میں انفیکشن کی وجہ سے ہونے والی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے ‘کانویلیسینٹ’ پلازما کے اثر کا اندازہ کرنا ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ دہلی سرکار کو منگل کو مرکزسے پلازما تکنیک ٹرائل کی اجازت مل گئی ہے۔ کیرل اور مہاراشٹر جیسی کچھ دوسری ریاستوں کے بھی اس تکنیک پر کام کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘ہماری کوشش کامیاب ہوگی۔’
انہوں نے کہا، ‘اجتماعی کوشش سے، ہم دہلی میں کو رونا وائرس سے نپٹنے میں اہل ہو پائیں گے۔’ انہوں نے کہا کہ قومی راجدھانی میں 15 لاکھ لوگوں نے راشن کارڈ کے لیے درخواست دیے ہیں اور دہلی سرکار ہر دن 10 لاکھ لوگوں کو کھانا فراہم کرا رہی ہے۔