پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل نے لاش لے جانے کے لیے متاثرہ کے اہل خانہ سےمبینہ طور پر 3000 روپے مانگے، جس کے بعد گھر والوں کو چار کیلومیٹر تک لاش کو کندھوں پر اٹھاکر لے جانا پڑا۔
نئی دہلی: بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ہاسپٹل انتظامیہ کے ذریعے مبینہ طور پر لاش کو لے جانے کے لیے ایمبولینس مہیا نہیں کرانے پر اہل خانہ کو چار کیلومیٹر تک پیدل لاش کو کندھوں پر لے جانا پڑا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (پی ایم سی ایچ) میں جمعہ کو بہار شریف کی 25 سال کی ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔
متاثرہ کے چچا ہردے پاسوان کا کہنا ہے کہ ہاسپٹل انتظامیہ نے ایمبولینس مہیا کرانے کے لیے 3000 روپے کی مانگ کی، جو ہم نہیں دے پائے۔
پاسوان نے کہا کہ ہمیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کوئی گاڑی نہیں ملی اس لیے لاش کو کندھے پر اٹھاکر شمشان لے جانا پڑا۔ ہمیں گلبی گھاٹ پہنچنے میں دو گھنٹے کاوقت لگا۔ سڑکیں پوری طرح سے خالی تھیں۔ سڑک پر ایک رکشہ تک نہیں تھا۔
پی ایم سی ایچ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بنل کمار نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔