ملزمین کو 18 اکتوبر تک کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق، ملزمین نے جئے شری رام کا نعرہ لگانے کے لیے ان کے ساتھ زبردستی کی اور ان میں سے ایک نے خاتون کے سامنے اپنی پینٹ کھول دی ۔
نئی دہلی: راجستھان کی الور پولیس نے ہریانہ کے ایک مسلم جوڑے کو زبردستی ‘جئے شری رام ‘کا نعرہ لگانے اور ان کو پریشان کرنے کے الزام میں دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق الوربس اسٹینڈ پر اتوار کی رات اس مسلم جوڑے کےساتھ مار پیٹ کی گئی اور فحش حرکت بھی کی گئی ۔
ہندوستان ٹائمس کی ایک رپورٹ کے مطابق، یہ جوڑا جب الور بس اسٹینڈ پر بس کا انتظارکررہا تھا تبھی دو لوگ بائیک پرآئے اور ان کو تنگ کرنے لگے ۔ ایف آئی آر کے مطابق، انہوں نے جئے شری رام کا نعرہ لگانے کے لیے زبردستی کی اور ان میں سے ایک نے خاتون کے سامنے اپنی پینٹ کھول دی ۔
پولیس نے اخبار کو بتایا کہ ، جب اس آدمی نے خاتون کے سامنے یہ فحش حرکت کی تو وہاں موجود لوگوں نے اس کی مخالفت کی اور پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔ملزمین کو 18 اکتوبر تک کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 323اور 354اے 386، 295، اور 509کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق،جب مسلم جوڑے بس اسٹینڈ واقع ایک اسٹال پر کچھ کھا رہے تھے اسی دوران دولوگ آئے اور ان کی کمیونٹی کو لے کر نازیبا تبصرہ کرنے لگے۔ جب خاتون نے اس کی مخالفت کی تو دونوں نے غیر مہذب حرکت کی ۔ اسی دوران ایک نے اپنی پینٹ کھول دی ۔ موقع پر موجود لوگوں نے اس کی مخالفت کی اور دونوں کو پکڑکر پولیس کے حوالے کر دیا ۔
ملزمین کی پہچان ونش بھاردواج اور سریندر بھاٹیہ کے طور پر کی گئی ہے۔واضح ہوکہ الور مہیلا تھانہ پولیس نے معاملہ درج کر ملزمین ونش بھاردواج (23)اور سریندر بھاٹیہ کو گرفتار کر لیا۔
ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، معاملے کے وقت بھاٹیہ نے شراب پی رکھی تھی۔
مہیلاتھانہ انچارج نے بتایا کہ نوح میوات کے رہنے والے متاثرین نے معاملہ درج کروایا ہے۔ان کے مطابق،ساڑھے 11 بجے وہ اپنی بیوی کے ساتھ کچوری کھا رہے تھے تبھی وہ نوجوان آئے اور ان کی کمیونٹی کو لے کرنازیبا تبصرہ کرنے لگے اور ان کے ساتھ مار پیٹ کی۔جب اس کی بیوی نے مخالفت کی تو ونش بھاردواج پینٹ کھول کر فحش حرکتیں کرنے لگا۔
اس دوران بس اسٹینڈ پر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی اور جب لوگوں نے اس کی مخالفت کی تو وہ گالی گلوچ کرنے لگے۔اس کے بعد بھیڑ نے دونوں کی پٹائی کی اور پولیس کے حوالے کردیا۔