’آدھار‘ کی فوٹو کاپی کے غلط استعمال کے بارے میں انتباہ کے دو دن بعد حکومت نے ایڈوائزری واپس لی

12:31 PM May 30, 2022 | دی وائر اسٹاف

گزشتہ 27 مئی کو یو آئی ڈی اے آئی کے بنگلورو ریجنل آفس نے ایک پریس ریلیز میں آدھار ہولڈرز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے کارڈ کی فوٹو کاپی کسی بھی ادارے کے ساتھ شیئر نہ کریں، کیونکہ اس کے غلط استعمال کا امکان ہے۔ اب اسے واپس لیتے ہوئے الکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزارت نے کہا کہ آدھار آئی ڈی  کی تصدیق کے نظام نے آدھار ہولڈرز کی شناخت اور رازداری کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ بندوبست کیے ہیں۔

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے یو آئی ڈی اے آئی کی اس  ایڈوائزری کو واپس لے لیا ہے جس میں عام لوگوں کو اپنے ‘آدھار’ کی فوٹو کاپی کسی بھی ادارے کے ساتھ شیئر کرنے کے خلاف خبردار کیا گیا تھا۔ حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یونک آئی ڈی استعمال کرتے ہوئے ‘کامن سینس’ کااستعمال کریں۔

اس سے پہلے 27 مئی کو یو آئی ڈی اے آئی کے بنگلورو ریجنل آفس نے ایک پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں آدھار رکھنے والوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنے آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی کسی بھی ادارے کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ اس کے غلط استعمال کا امکان ہے۔

27 مئی کو جاری کی گئی پریس ریلیز۔

بنگلورو میں یو آئی ڈی اے آئی کے ریجنل آفس  کی طرف سے جاری ایک ریلیز میں عام لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے آدھار کی فوٹو کاپی کسی بھی ادارے کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ اس میں متبادل کے طور پر آدھار نمبر کے آخری چار ہندسوں کی نمائندگی کرنے والے آدھار کو استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، اس کے علاوہ پریس ریلیز میں لوگوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنے آدھار کارڈ کی کاپیاں ‘انٹرنیٹ کیفے/کیوسک’ وغیرہ پر ڈاؤن لوڈ نہ کریں، اور انہیں یہ یقینی بنانے کو کہا گیا تھا کہ  اگر وہ ایسا  کرتے ہیں تو اس کی کاپیاں ہٹا دیں۔

اس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یو آئی ڈی اے آئی سے حاصل کردہ ‘یوزرلائسنس’ کے بغیر نجی اداروں کو کسی فرد کی شناخت قائم کرنے کے لیے آدھار کارڈ کی کاپیاں جمع کرنے یا اپنے پاس رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور ایسا کرنا آدھار ایکٹ، 2016 کی خلاف ورزی ہے۔

تاہم، 29 مئی کو الکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی وزارت نے اسے واپس لے لیا۔

وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ وہ آدھار کی فوٹو کاپیوں کو شیئر نہ کرنے کی  ایڈوائزری والی پریس ریلیز کو واپس لے رہی ہے کیونکہ اس کی غلط تشریح کی جا سکتی ہے۔

29 مئی کو جاری کی گئی پریس ریلیز۔

وزارت نے کہا، پچھلی پریس ریلیز میں لوگوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنی آدھار کاپی کسی بھی ادارے کے ساتھ شیئر نہ کریں کیونکہ اس کا غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔اس کے بجائے آدھار نمبر کے صرف آخری چار ہندسوں کی نمائندگی کرنے والے آدھار (ماسکڈ آدھار) کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس میں آدھار نمبر کے پہلے آٹھ ہندسے چھپے رہتے ہیں اور صرف آخری چار ہندسے ہی نظر آتے ہیں۔ لیکن اس ریلیز کی غلط تشریح کے خدشے کے پیش نظر اسے  واپس  لیا جاتا ہے۔

وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ یو آئی ڈی اے آئی  کے ذریعہ جاری کردہ آدھار کارڈ رکھنے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے آدھار نمبر کو استعمال کرنے اور اسے دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے میں کامن سینس سے کام لیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آدھار آئی ڈی  کی تصدیق کے نظام نے آدھار رکھنے والے کی شناخت اور رازداری کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ بندوبست کیے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)